کوئز مقابلے محمد عرفان، محمد طیب جبکہ تقریری مقابلہ محمد زمر صفدر نے جیت لیا

جمعرات 22 دسمبر 2016 22:08

فیصل آباد۔22 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء)چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑکی ہدایت پر علمی و ادبی مقابلہ جات سال 2016ء برائے سکولز طلباء (بوائز)کے سلسلہ میں گزشتہ روزسائنس کوئز کلاس نہم و دہم کا آخری مقابلہ الگ الگ نشستوں میں گورنمنٹ مسلم ماڈل ہائی سکول طارق آباد فیصل آباد میں زیرصدارت محمد اختر پرنسپل سکول ھذا منعقد ہوا۔

ریسرچ انویسٹی گیٹر رانا ذوالفقار علی منہاس کے مطابق ججز کے فیصلہ کی روشنی میں سائنس کوئز کلاس نہم کے مقابلہ میں گورنمنٹ ہائی سکول چک نمبر 170 ج ب جھنگ کے طالب علم محمد عرفان اول‘ ایمان پبلک ہایئر سیکنڈری سکول چک نمبر 75 ج ب فیصل آباد کے طالب علم محمد ابوبکردوئم اور گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول ٹوبہ ٹیک سنگھ کے طالب علم سلمان محسن سوئم رہے۔

(جاری ہے)

جبکہ سائنس کوئز کلاس دہم کے مقابلہ میں گورنمنٹ ہائی سکول جھنگ سٹی کے طالب علم محمد طیب نے پہلی‘ گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول جڑانوالہ ضلع فیصل آباد کے طالب علم عبداللہ جاوید نے دوسری اور گورنمنٹ معصومین فائونڈیشن ہائی سکول چنیوٹ کے طالب علم جنید اسحاق نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ علاوہ ازیں آل پاکستان ابوالعصر حفیظ جالندھریؒ کی برسی کے موقع پر ’’قومی ترانہ فائونڈیشن‘‘ اسلام آباد کے زیراہتمام ہونے والے تقریری مقابلہ برائے سکول لیول میں گورنمنٹ جامع ماڈل ہایئر سیکنڈری سکول سمن آباد فیصل آباد کے طالب علم حافظ محمد زمر صفدر اول اور گورنمنٹ ایم سی ہایئر سیکنڈری سکول بھوانہ بازار فیصل آباد کی طالبہ طوبیٰ خالد سوئم رہیں۔

اسی طرح انٹر لیول مقابلہ میں پنجاب کالج برائے خواتین فیصل آباد کی طالبہ جوہم اصرارنے دوسری جبکہ پنجاب کالج آف سائنس فیصل آباد کے طالب علم اسجدالرحمن نے بھی دوسری پوزیشن حاصل کی۔ چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ‘ سیکرٹری بورڈ خرم قریشی اور ریسرچ انویسٹی گیٹر رانا ذوالفقار علی منہاس نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات سمیت ان کے تعلیمی اداروں کے سربراہان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان لیول کے مقابلہ میں پوزیشنیں حاصل کرنا بلاشبہ بڑے اعزاز و فخر کی بات ہے جس پر تمام طلباء وطالبات خراج تحسین کے مستحق ہیں۔