مقبوضہ کشمیرکوبھارتی تسلط سے آزاد کرواناہماری منزل ہے،صدرمسلم کانفرنس چوہدری بشیر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 22 دسمبر 2016 20:52

مری(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے۔22دسمبر2016ء): ریئس الاحرار چوہدری غلام عباس مرحوم کی برسی کی تقریب میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر چوہدری بشیر رٹوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد کروانا اور الحاق پاکستان کا حصول ہماری منزل ہے۔چوہدری غلام عباس (مرحوم) کی شخصیت چمکتے ستارے کی مانند کشمیریوں کو منزل کا پتا دے رہی ہے۔

ہم چوہدری غلام عباس کو کشمیری قوم کے مستقبل کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔کشمیری قوم اپنے محبوب قائد چوہدری غلام عباس کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔چوہدری غلام عباس(مرحوم) اور سردار عبدالقیوم خان (مرحوم) نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی اور الحاق پاکستان کے لیے ان گنت قربانیوں کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیری قوم بھارت سے آزادی چاہتی ہے اور پاکستان کے ساتھ الحاق کرکے اپنے مستقبل کو سنوارنا چاہتی ہے۔چوہدری بشیر رٹوی نے کہا ہے کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کو باشندگان کشمیر کی مرضی کے مطابق حل کروانے میں محکوم کشمیریوں کی مدد کرے۔پاکستان سے محبت ہمارے ایمان کا جزو لازم ہے۔مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت حد سے تجاوز کر گئی ہے۔مسلم کانفرنس بھارتی اوہچھے ہتھکنڈوں کی مذمت کرتی ہے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کیساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے۔

حکومت پاکستان اور افواج پاکستان نے مظلوم کشمیریوں کے سر پر دست شفقت رکھا ہوا ہے۔ہم الحاق پاکستان کے متمنی ہیں اور ہمارا جینا مرنا پاکستان کیساتھ ہے۔استحکام پاکستان کے لیے مسلم کانفرنس روز اول سے قربانیاں دے رہی ہے۔تارکین وطن مسئلہ کشمیر کو عالمی ایوانوں میں بھرپور انداز سے اجاگر کر رہے ہیں۔چوہدری بشیر رٹوی نے کہا ہے کہ رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس (مرحوم ) کے مشن کے مطابق ہم اپنی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم مصمم کرتے ہیں۔تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں سے منسلک قائدین اور کارکنان نے شرکت کی اور ریئس الاحرار چوہدری غلام عباس مرحوم کو خراج تحسین پیش کیا۔