بجلی کی فراہمی ، ٹرانسمیشن اور ڈسٹریبیو شن کے نظام کو اپ گریڈ کریں تاکہ کراچی کے شہریوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی ممکن بنایا جا سکے،وزیر اعلیٰ سندھ کی کے الیکٹرک کی نئی انتظامیہ کو ہدایت

جمعرات 22 دسمبر 2016 22:00

بجلی کی فراہمی ، ٹرانسمیشن اور ڈسٹریبیو شن کے نظام کو اپ گریڈ کریں تاکہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کے الیکٹرک کی نئی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بجلی کی فراہمی ، ٹرانسمیشن اور ڈسٹریبیو شن کے نظام کو اپ گریڈ کریں تاکہ کراچی کے شہریوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے ۔ انہوںنے یہ بات جمعرات کے روز کے الیکٹرک کی نئی انتظامیہ کے ایک وفد سے باتیں کرتے ہوئے کہی ۔

جنہوںنے کے الیکٹرک کے نائب صدر Mr Xia Meixing کی سربراہی میں وزیراعلیٰ ہائوس میں ان سے ملاقا ت کی۔ وفد کے دیگر اراکین میں سی ایف او چن وین ھائو ، پروجیکٹ کے ہیڈ شائی منگویل ،ہیڈ آف جنریشن پان لومنگسن ، چیف جنریشن اینڈ ٹرانسمیشن آفیسر ڈالی سنکلر تھے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ اور سیکریٹری انرجی آغا واصف بھی اس موقع پر موجو د تھے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ کے الیکٹرک کے مکمل نظام بشمول جنریشن ، ٹرانسمیشن اور ڈسٹریبیوشن کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے ۔انہوںنے کہاکہ آپ کو چاہئے کہ آپ کچی آبادیوں میں رہنے والے لوگوں کو خصوصی ترغیبات دیتے ہوئے ان کے ٹیرف میں کمی کریں تاکہ ہر ایک صارف اپنا بجلی کا بل ادا کر سکے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ وہ مختلف ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے لئے سخت محنت کر رہے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ اگلے سال نوری آباد میں ایک پاور پروجیکٹ 100میگا واٹ بجلی کی پیدا وار شروع کر دے گا ۔انہوںنے کہاکہ میں نے وفاقی حکومت سے درخواست کی ہے کہ اسے گیس فراہم کر ے تاکہ اس کی پیداواری گنجائش دگنی ہو سکے اور وفاق نے اس حوالے سے انہیں یقین دہانی بھی کرائی ہے ۔ کے الیکٹرک کے نائب صدر Mr Xia Meixing نے کہاکہ انہوںنے کے الیکٹر ک کی ٹیکنگ اوور کا عمل شروع کر دیا ہے جس کے لئے ان کی کمپنی پاور ٹیرف میں ترغیباتی پلان پر کام کر رہی ہے اور وہ کمیو نٹی ڈیولپپمنٹ کے لئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ ان کی کمپنی شنگھائی پاور سپلائی کمپنی دنیا کی بڑی کمپنیوںمیں سے ایک ہے ۔ انہوںنے کہاکہ شنگھا ئی چائینا کا صنعتی حب ہے اور وہ وہاں کے صنعتی یونٹس ، تجارتی علاقوں اور گھریلو صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہم کر رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ان کی کمپنی کے الیکٹرک کے مکمل نظام میں اضافے اور بہتری کے لئے 9بلین ڈالر تک کی سرمایہ کاری کرے گی اور غریب گھریلو صارفین کے لئے پیکیچ کا بھی علان کرے گی ۔

انہوںنے کہا کہ ہمارا منصوبہ ہے کہ انہیں بلا تعطل بجلی فراہم کر کے تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دیں ۔انہوںنے کہاکہ کمپنی کی یہ ہر ممکن کوشش ہو گی کہ شہر میں ہر ایک کے لئے بجلی کو سستا بنائیں ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ پاور ٹیرف میں کمی اور بجلی کے ریٹس کم کرنا کمپنی کے مفاد میں ہو گا ۔ کیونکہ ہر ایک صارف بجلی کا بل ادا کر سکے گا ۔انہوںنے کہاکہ آپ کمپنی کے لائن نقصانات کو کم کریں تاکہ اس کے فوائد صارفین کو حاصل ہو سکیں ۔انہوںنے کہا مہنگی بجلی ہرایک کے بس کی بات نہیں ہے لہذا لوگ بجلی کے استعمال میں غیر قانونی طریقے استعمال کرتے ہیں ۔ انہوں نے کے الیکٹرک کی نئی انظامیہ کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔#