واسا کا نادہندگان کیخلاف کریک ڈائون، متعدد کنکشن منقطع کر دئیے

جمعرات 22 دسمبر 2016 22:00

ملتان۔22 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء)منیجنگ ڈائریکٹر واسا رائو محمد قاسم کے حکم پر واسا کے ڈیفالٹروں کیخلاف کریک ڈائون میں تیزی آگئی،گزشتہ روز ڈپٹی ڈائریکٹر ریکوری کی سربراہی میں سپیشل ڈسکنکشن سکواڈ نے سرکل نمبر6 میں نادہندگان کیخلاف کارروائی کی، سپیشل سکواڈ میں سرکل انچارج مقداد حسین صدیقی ، ظہور احمد تونسوی ، غضنفر باٹی ، ریکوری سٹاف اور پولیس فورس شامل تھی ، سپیشل سکواڈ نے پیپلز کالونی میں واقع سرائے کے مالک محمد منشاء کی طرف سے (56) ہزار روپے کے واسا واجبات کی ادائیگی نہ کرنے پر سیوریج کنکشن منقطع کر دیا ،اسی طرح پیپلز کالونی اور حمید آباد کالونی میں بھی واسا بل ادا نہ کرنیوالے متعدد کنکشن منقطع کر دئیے گئے جبکہ حمید آباد کالونی میں دو واسا ڈیفالٹروں نے موقع پر ڈپلیکیٹ بل بنوا کر فوری طور پر واسا کے واجبات ادا کئے تو ڈپٹی ڈائریکٹر ریکوری منصور احمد نے موقع پر ان صارفین کے کنکشن بحال کے احکامات جاری کر دئیے۔