تارکین وطن کے عالمی دن کے سلسلہ میں نیشنل کونسل آف سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد

جمعرات 22 دسمبر 2016 21:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی ہدایت پر تارکین وطن کے عالمی دن کے سلسلہ میں نیشنل کونسل آف سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام ’’تارکین وطن کی سماجی مشکلات اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر کونسل کے لائبریری ہال میں سیمینار منعقد کیا گیا۔ ڈاکٹر ندیم شفیق ملک چیئرمین نیشنل کونسل آف سوشل ویلفیئر حکومت پاکستان نے سیمینار کی صدارت کی۔

سول سوسائٹی، رضا کار اداروں کے نمائندوں، کیڈ ڈویژن، حکومت پا کستان کے مختلف اداروں کے اہلکاروں اور طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں ڈاکٹر ندیم شفیق ملک چیئرمین نیشنل کونسل آف سوشل ویلفیئر نے کہا کہ لاکھوں پاکستانی اپنے گھروں سے دور غیر ممالک میں کام کرر ہے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ پاکستانی قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

ان کی طرف سے بھیجا گیا زرمبادلہ پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ موجودہ حکومت بیرون ملک آباد پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں۔ اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر میں تارکین وطن کی کوششوں، خدمات اور حقوق کا اعتراف کرنا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ تارکین وطن کے محفوظ اور باضابطہ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ دنیا میں امن و خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔

اقوام عالم کو ان کروڑوں مہاجرین کی طرف بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے جو کہ اپنے ملکوں میں خانہ جنگی و نسلی تعصب کی وجہ سے دوسرے ملکوں میں پناہ لئے ہوئے ہیں جن میں ایک بڑی تعداد مسلمانوں کی ہے۔ پاکستان گزشتہ چار دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کو انسانی ہمدردی کے تحت پناہ دیئے ہوئے ہیں جس کے ہمارے معاشرے پر منفی اثرات بھی مرتب ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ پاکستان کو بہت سے چیلنجوں کے ساتھ دہشت گردی کا بھی سامنا ہے۔ ہماری حکومت، قوم اور افواج نے مل کر کافی حد تک اس پر قابو پا لیا ہے لیکن ابھی ہمیں مل کر اپنے لاکھوں ہم وطنوں کو جو کہ اس جنگ کے نتیجہ میں اپنے ہی وطن میں بے گھر ہوئے ہیں انہیں اپنے گھروں میں دوبارہ آبا کرنا ہے یہ عمل جاری ہے اور انشاء اللہ جلد ہی تمام بے گھر افراد اپنے گھروں میں آباد ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :