آفیسران و سرکاری ملازمین اپنے آپ کو عوام کا خادم سمجھ کر فرائض منصبی ادا کریں ، وزیر جنگلات،آثار قدیمہ و فشریز سردار میر اکبر خان کا کھلی کچہری سے خطاب

جمعرات 22 دسمبر 2016 20:28

باغ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء)آزاد کشمیر حکومت کے وزیر جنگلات،آثار قدیمہ و فشریز سردار میر اکبر خان نے کہا ہے کہ افسران و سرکاری ملازمین اپنے آپ کو عوام کا خادم سمجھ کر فرائض منصبی ادا کریں ، عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے فیلڈ سٹاف موقع پر جا کر کام کی نگرانی کرے اور دفاتر میں آنے والے لوگوں کے مسائل سنیں اور انکو حل کریں ، عوام کی عزت نفس کا خیال رکھیں‘ عوام بھی سرکاری ملازمین کو عزت دیں،کھلی کچہری لگانے کا مقصد یہ ہے کہ عوام کے مسائل انکی دہلیز پر سنے جائیں اور انکو موقع پر حل کیا جائے‘ عوام کرپشن کرنے والے سرکاری ملازمین اور رشوت خور ملازمین کے ثبوت فراہم کریں‘ کوئی بھی رشوت خور اپنے عہدے پر نہیں رہے گا ، آج جو احکامات دیئے گئے ہیں ان کو ایک ہفتے کے اندرحل کیا جائے‘ آئندہ تین ماہ کے بعد ریڑھ کے مقام پر دو بارہ کھلی کچہری ہو گی اور اس کو بھی رویو کیا جائے گا‘ اس وقت کسی بھی محکمے کا کوئی بہانہ قبول نہیں ہو گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز گورنمنٹ بوائز ہائر سکنڈری سکول ریڑہ کے مقام پر کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر باغ چوہدری گفتار حسین ، سپریٹنڈنٹ پولیس کامران علی ، تمام ضلعی آفیسران اور متعلقہ محکموں کے آفیسران سمیت مسلم لیگ ن ضلع باغ کے سر کردہ رہنما ، کارکنان اور حلقہ شرقی باغ کے عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر عوام نے مختلف محکمہ جات کے خلاف اپنی شکایات وزیر حکومت کو پیش کیں جس پر وزیر حکومت نے فوری طور پر موقع پر ہدایات بھی دیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اگلے مہینے سے حلقہ شرقی باغ کا مکمل دورہ کرئوں گا اور موقع پر جا کر عوام کے مسائل سنوں گا‘ الیکشن کے موقع پر ہم نے جو بھی وعدے کیے ہیں وہ سو فیصد پورے کیے جائیں گے‘ جنوری 2017سے حلقہ میں تعمیر و ترقی کے کام شروع کیے جائیں گے‘ ہم نے چار ماہ کے مختصر عرصہ میں اس حوالے سے مکمل حکومت عملی اور منصوبہ بندی کر لی ہے، سابقہ حکومت نے 22ارب روپے کا خسارہ ہمیں تحفہ میں دیا تھا اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہم نے نا مساعد حالات میں تمام مالی مشکلات کو کنٹرول کیا ہے۔

وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف جلد آزاد کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں اور وہ آزاد کشمیر کے لیے ایک بہت بڑے مالی پیکج کا تاریخی اعلان کریں گے‘ جس سے پورے خطہ میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا، آزاد کشمیر میں سڑکوں کی تعمیر ، ہائیڈرل پراجیکٹ ، سیاحت ، انڈسٹریز اور دیگر میگا منصوبوں کا وزیر اعظم پاکستان اعلان کریں گے۔