حکومت آزادکشمیر کے اندر گڈگورننس اور میرٹ کی بحالی کو یقینی بنا کر دم لے گی‘چوہدری شہزاد محمود ایڈووکیٹ

جمعرات 22 دسمبر 2016 20:28

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء)ممبر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری شہزاد محمود ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آزادکشمیر کے اندر گڈگورننس اور میرٹ کی بحالی کو یقینی بنا کر دم لے گی‘ کسی کو میرٹ کے خلاف بھرتی ہو کر دوسروں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کا موقع نہیں ملے گا۔وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدرنے نیا اور اہل پبلک سروس کمیشن تشکیل دے کر نئی تعلیم یافتہ نسل کو تحفہ دیا ہے‘ اب کسی حق دار کے حق پر ڈاکہ نہیں مارا جا سکے گا۔

ان خیالات کا اظہار ممبر اسمبلی نے مختلف عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت آزادکشمیر کو کرپشن سے پاک کر ے گی اور عوام کو سستے انصاف کی فراہمی اورمیرٹ پر روزگار کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق دور حکومت میں پیپلز پارٹی نے اقربا پروری اور کرپشن کو فروغ دے کر ریاست کی جڑیں کھوکھلی کی ہیں‘ مسلم لیگ ن کی حکومت وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں ریاست میں تعلیم، صحت ، گڈگورننس کے قیام کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک غیرجانبدار اور خودمختار پبلک سروس کمیشن کی تشکیل سے میرٹ پر لوگوں کو ملازمتیں ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نوازشریف جلد ہی آزادکشمیر کا دورہ پر آرہے ہیں اور وہ آزادکشمیر کے لئے اربوں روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے۔ اس سے خطہ میں ایک منفرد ترقیاتی عمل کا آغاز ہوگا۔ چوہدری شہزاد محمود نے کہا کہ اب آزادکشمیر میں میرٹ کا بول بالا ہوگا اور معیاری تعلیم کا حصول ہر شخص کے لئے ممکن بنا دیا گیا ہے۔

ممبر اسمبلی نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں این ٹی ایس کو لازم قرار دیا ہے۔ حکومت کے اس فیصلے سے محکمہ تعلیم کے علاوہ دیگر تمام محکموں کی کارکردگی پر اس کا مثبت اثر پڑے گا۔جس کے دوررس نتائج برآمد ہوںگے ۔انہوں نے کہا کہ جب حقدار کو اس کا حق مل جائے تو وہ بغیر کسی خوف و لالچ کے اپنی صلاحیتوں کا استعمال کر سکتا ہے ۔چوہدری شہزاد نے کہا کہ وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر نے انتہائی مختصر عرصہ میں جس طرح اداروں کو ٹھیک کرنا شروع کیا ہے اس سے عوام کے اندر سکون اور اطمینان آنا شروع ہو گیا ہے