وزیر اعظم کی جانب سے بنایا جانے والا پبلک سروس کمیشن میرٹ کی بالادستی کا واضح اعلان اور ثبوت ہے‘ راجہ جاوید اقبال

جمعرات 22 دسمبر 2016 20:28

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن راجہ جاوید اقبال نے کہاہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے بنایا جانے والا پبلک سروس کمیشن میرٹ کی بالادستی کا واضح اعلان اور ثبوت ہے‘ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے کسی قسم کے دباؤ کو خاطر میں نہ لاکر ثابت کر دیا ہے کہ وہ ہر حال میں شفافیت لا کر رہیں گے‘ کشمیری عوام نے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کے ایجنڈے کو ووٹ دیئے جس پر عملدرآمد کیا جائے گا ۔

آزاد کشمیر میں حقیقی تعمیر و ترقی ،میرٹ کی بالا دستی میں ہے ۔راجہ جاوید اقبال نے ان خیالات کا اظہار ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ایک ایسا پبلک سروس کمیشن قائم کیا ہے جس کے ارکان دیانت دار، ایماندار، میرٹ کے پاسبان اور باکردار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پڑھے لکھے نوجوانوں کے لیے اب خطرے کی کوئی بات نہیں رہی جو اہل ہو گا وہ ہی جگہ پائے گا ۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی نو منتخب حکومت آزاد کشمیر میں عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی‘ میرٹ کی بالا دستی، عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنے اور عوام کو ان کا حق ان کی دہلیز پر پہنچائے گی ۔انہوں نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن کا ہر رکن انتہائی شفاف ماضی کا حامل ہے جو ریاست کو ایسی نوجوان سول سروس فراہم کریں گے جو حقیقی معنوں میں عوام کے لیے اور ریاست کی ترقی کے لیے اپنا اہم کردار ادا کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ یہ وہ بنیاد ہے جس پر ایک مضبوط عمارت کی تعمیر کی جائے گی ۔