حکومت ریاستی اداروں میں اصلاحات کے ذریعے سماجی استحکام اور گڈ گورننس کو فروغ دینے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے‘ حکومتی اقدامات کو پارلیمانی پارٹی، کابینہ، انصاف پسند عوام اور سیاسی جماعتوں کی مکمل تائید حاصل ہے‘ ترجمان وزیر اعظم ہائوس

جمعرات 22 دسمبر 2016 20:27

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) ترجمان وزیر اعظم ہائوس آزاد کشمیر نے کہا ہے کہ حکومت ریاستی اداروں میں اصلاحات کے ذریعے سماجی استحکام اور گڈ گورننس کو فروغ دینے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے‘ حکومتی اقدامات کو پارلیمانی پارٹی، کابینہ، انصاف پسند عوام اور سیاسی جماعتوں کی مکمل تائید حاصل ہے‘ سیاسی مخالفین حکومتی اقدامات سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر انصاف اور اصولوں پر کیے گئے اقدامات کو بلاوجہ تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔

وزیر اعظم ہائوس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ترجمان نے کہا کہ موجود ہ حکومت آزاد کشمیر میں آئینی،قانونی اور انتظامی اداروں کو اس شکل میں ترتیب دینا چاہتی ہے جس سے معاشرے کا مجموعی اعتماد ان پر بحال ہو جن میں سر فہرست میرٹ پر پبلک سروس کمیشن کا قیام، این ٹی ایس کا نفاذ، بہتر اور معیاری تعلیم کے علاوہ تعلیمی پیکج کی منسوخی، میرٹ کے قیام کے ذریعے آزاد کشمیر بھر کے لوگوں کو بالخصوص پڑھے لکھے نوجوانوں کو برابری کی بنیاد پر ترقی و روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق مہذب معاشرے میں عوامی رائے عامہ اور مفادات کے خلاف بیان بازی کرنے والوں کو سیاست کو خیر آباد کہنا پڑتا ہے انہی وجوہات کی بنیاد پر عوام نے 19جولائی کو انہیں ووٹ کی پرچی سے مسترد کرتے ہوئے اپنا فیصلہ سنایا تھا ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمدفارو ق حیدر خان کی قیادت میں قائم مسلم لیگ ن کی حکومت ، کابینہ ، پارلیمانی پارٹی ، جماعتی تنظیم‘ حکومت کے تین بنیادی ا ہداف تحریک آزاد کشمیر، گڈ گورننس کے قیام ، ریاست بھر کے اندر بلا تخصیص تعمیر و ترقی پر متفق ہے اور ان اہداف کو بہتر صورت حاصل کرنے کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔