آم کے باغبان بہتر پیداوار حاصل کرنے کیلئے گوبر کی کھاد ڈالنے کا عمل جلد مکمل کرلیں ، محکمہ زراعت

جمعرات 22 دسمبر 2016 18:47

ملتان۔22 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء)محکمہ زراعت پنجاب ملتان کے مطابق آم کے باغبان اپنے باغات سے بہتر پیداوار حاصل کرنے کیلئے گوبر کی کھاد ڈالنے کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرلیں اور کھاد ڈالنے کے بعد آبپاشی کرنا بھی ضروری ہوتا ہے لیکن ان حالات میں اگر گوبر کی کھاد جنوری میں ڈالی جائے گی تو بہتر ہوگا کہ آبپاشی کرنے سے باغات کو کورے کے ممکنہ خطرات سے محفوظ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

جن درختوں پر سوکے کا حملہ ہے ان درختوں کے تنوں کے گرد 9انچ اونچی مٹی کی تہہ بنائیں تاکہ جڑوں والی جگہوں سے نمکیات اس مٹی کی تہہ میں جمع ہوجائیں۔ ترجمان کے مطابق جب تک درجہ حرارت 4ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے نہ گرے آم کے باغات میں آبپاشی کرنے سے گریز کریں تاکہ پھول جلد نکلنے کے عمل کو روکا جاسکے۔ جڑی بوٹیوں کی تلفی کاشتی امور کے ذریعے کریں۔ آم کی گدھیڑی کے تدارک کیلئے پھسلنے اور چپکنے والی پلاسٹک کے پھندے تنے پر لگائیں۔ آم کے تیلے کے تدارک کیلئے درختوں کے تنوں پر مناسب کیڑے مار زہروں کا سپرے محکمہ زراعت توسیع و پیسٹ وارننگ کے مقامی عملہ کے مشورہ سے کریں۔