ٹی ایچ کیوہسپتال خان پور میں مریضوں کی دیکھ بھال بہتر انداز میں کی جا رہی ہے،اسسٹنٹ کمشنر

جمعرات 22 دسمبر 2016 18:47

خانپور۔22 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء)اسسٹنٹ کمشنر احمد رضا سُرا نے ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال خان پور ڈاکٹر آغا توحید کے ہمراہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا جہاں پر مریضوں کی عیادت کی ڈیوٹی پر مامور تمام عملے کو چیک کیا اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا موقع پر بہترین انداز میں کام کرانے اور ہسپتال میں مریضوں کی بہتر انداز میں دیکھ بھال کے انتظامات کرنے پر ایم ایس ڈاکٹر آغا توحید احمد کی کارکردگی کو سراہا، اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر احمد رضا سُرا نے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں مریضوں کی دیکھ بھال بہتر انداز میں کی جا رہی ہے اور انہیں ضرورت کے مطابق ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی خوبصورتی میں مزید چار چاند لگانے کے لیے تیزی سے ترقیاتی کام بھی جاری ہیں انشاء اللہ بہت جلد تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ماڈل ہسپتال کے طور پر سامنے ہو گا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر آغا توحید احمد نے کہا کہ ادویات کو کمی کا مکمل طور پر خاتمہ کر دیا گیا ہے ۔مریضوں کی دیکھ بھال میں غفلت برتنے والے ملازمین کو مستقل طور پر گھر بٹھا دیں گے۔ مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج معالجہ کی زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے روزانہ کی بنیادوں پر سینکڑوں مریض ہسپتال سے مستفید ہو رہے ہیں اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد رضا سُرا نے مقامی صحافی ڈاکٹر کاشف امین قریشی کے والد کی عیادت بھی کی ۔