تر سیلات زر کے زریعے نصف امپورٹ بل کی ادائیگی کی جا رہی ہے،ایف پی سی سی آئی

تیل کی قیمتوں میں اضافہ سے ترسیلات بھی بڑھ جائینگی،عبدالرئوف عالم

جمعرات 22 دسمبر 2016 18:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2016ء) ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرئوف عالم نے کہا ہے کہ تر سیلات زر کے زریعے نصف امپورٹ بل کی ادائیگی کی جا رہی ہے اسلئے ان کا کردار معیشت میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ملک کی موجودہ اقتصادی صورتحال میں ترسیلات زر کی اہمیت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے اسلئے حکومت ترسیلات زر بڑھانے کیلئے اقدامات کرے جس میں لیبر کیلئے نئی مارکیٹوں کی تلاش شامل ہو۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرئوف عالم نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ سال رواں کے ابتدائی پانچ ماہ میں ترسیلات زر میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کا نوٹس لیا جائے۔ ترسیلات کے نظام کو بہتر بنانے اور باقائدہ کرنے کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ترسیلات سے متعلق بعض قوانین میں کمزوریاں ہیں جنھیں دور کرنے سے اس میں اضافہ ہو گا جس سے ملک زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم اور ملک خوشحال ہو گا۔

پاکستان آنے والی ترسیلات میں سے 65 فیصد مشرق وسطیٰ سے آ رہی ہیں جبکہ باقی ماندہ امریکہ، یورپ اور دیگر ممالک سے آتی ہیں جبکہ برطانیہ کے یورپی یونین سے انخلاء کے بعد وہاں سے آنے والا زرمبادلہ کم ہو سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے رجحان سے جہاں تیل درامد کرنے والے ممالک کی مشکلات میں اضافہ ہو گا وہیں تیل برامد کرنے والے ممالک کے بجٹ متوازن ہو جائیں گے جس سے ترسیلات زر میں اضافہ ہو گا۔