چناری کے عمائدین کا حکا م سے معلمہ کی غیر حاضری کا نوٹس لینے کا مطالبہ

جمعرات 22 دسمبر 2016 18:01

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) چناری کے عمائدین نے حکا م سے معلمہ کی غیر حاضری کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے آزاد کشمیر کے قصبہ چناری سے ملحقہ گائوں ککیاں میں گرلز پرائمری سکول کی معلمہ مسلسل دوماہ سے غیر حاضر ہے جبکہ امتحان شروع ہونے والے ہیں ۔ پرائمری معلمہ کی غیر حاضری کے باعث 160سے زائد طلبہ و طالبات کا تعلیمی حرج ہورہا ہے ۔

ککیاں اور اس سے ملحقہ دیہات انتہائی پسماندہ ہیں اور عوام کو بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں ۔ ناگنی ککیاں تانکہ مغلاں روڈ کا کام 6ماہ سے بند ہے اور ککیاں پل کا کام بھی ادھورا چھوڑ دیا گیا ہے ۔میڈیا سے گفتگو کے دوران عوامی نمائندگان بشیر مغل ، لطیف خالد اور دیگر نے بتایا ہے کہ گزشتہ دوماہ سے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول ککیاں کی معلمہ غیر حاضر ہے ۔

(جاری ہے)

سکول میں طلباء و طالبات کی تعداد 100ہے جن کی تعلیم کیلئے صرف ایک معلمہ تعینات ہے اور وہ بھی گزشتہ دوماہ سے مسلسل غیر حاضر ہے ۔ جس کے باعث طلباء و طالبات کا تعلیمی حرج ہورہا ہے اس وقت امتحانات سر پر ہیں اور معلمہ گھر بیٹھ گئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ناگنی ککیاں تانکہ مغلاں روڈ اور ککیاں پل کے منصوبوں پر کام الیکشن کے دوران بند کردیا گیا تھا جو 6ماہ سے بند ہے ۔

جب ٹھیکیدار سے رابطہ کیا گیا تو اس کا موقف تھا کہ محکمہ بل ادا نہیں کررہا جس کے باعث کام بند رکھا گیا ہے ۔ عمائدین علاقہ نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سے اپیل کی ہے کہ وہ معلمہ کی غیر حاضری کا نوٹس لیں اور سڑک و رابطہ پل کی تعمیر کیلئے متعلقہ محکمے کو احکامات جاری کریں تاکہ عوام کی مشکلات کم ہوسکیں ۔