آزاد کشمیر حکومت مہاجرین جموں وکشمیر کی آباد کاری ،درپیش مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ،ناصر ڈار

پاکستان کے مختلف شہروں میں مہاجرین جموں وکشمیر کیلئے قائم رہائشی کالونیوں کا کام جلد ازجلد مکمل کیا جائیگا،وزیر بحالیات آزاد کشمیر

جمعرات 22 دسمبر 2016 16:56

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2016ء)آزاد کشمیر حکومت کے وزیر بحالیات و ٹرانسپورٹ ناصر ڈار نے کہا ہیکہ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت مہاجرین جموں وکشمیر کی آباد کاری اور انہیں درپیش مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس ضمن میں کوئی بھی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ وزارت بحالیات کا قلمدان سنبھالنے کے بعد محکمانہ بریفنگ کے موقع پر بحالیات کے آفسران سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں مہاجرین جموں وکشمیر کے لیے قائم کر دہ رہائشی کالونیوں کا کام جلد ازجلد مکمل کیا جائے گا۔

اور وہاں سہولیات کی فراہمی کویقینی بنانے کے لئے اقدامات کے عمل کو شفاف بنایا جائے گااور مہاجرین کی الاٹ منٹ کے لیے اور سرکاری ملازمتوں میں مختص کوٹہ پر بھی عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر بحالیات ناصر ڈار نے کمشنر بحالیات آزاد کشمیر کو ہدایت کی کہ مہاجرین جموں وکشمیر کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے فوری طور پر اپنی تجاویز وزارت کو ارسال کریں ۔ تاکہ 1947، 1965، 1971اور 1990کے مہارجرین جموں وکشمیر کو درپیش مسائل کا فوری حل ممکن ہو سکے ۔ انہوں نے موجودہ سرحدی صورتحال کے پیش نظر کسی بھی متوقع ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی کی تیاری کے لیے بھی احکامات صادر فرمائے۔