بلدیہ کورنگی کے تحت ملیر زون اور مضافاتی علاقوں میں جراثیم کش ادویات کی سپر ے مہم کا آغاز

جمعرات 22 دسمبر 2016 16:42

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) میئر کراچی وسیم اختر کی خصوصی ہدایت پر کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن نے ملیر میں پھیلنے والی پر اسرار بیماریوں کے تدارک کے لئے ملیر ماڈل کالونی زون اور مضافاتی علاقوں میں 30سپرے وہیکل مشینوںکے ذریعے جراثیم کش ادویات کے خصوصی مہم کا آغاز کردیا۔

چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے محکمہ ہیلتھ بلدیہ کورنگی کو ہدایت کی ہے کہ ضلع ملیر میں پھیلنے والی پر اسرار بیماری کے پھیلائو کی روک تھام کے لئے امراض سے متعلق مکمل آگاہی عوام تک پہنچائی جائے تاکہ امراض کے خاتمے اور پھیلائو کی روک تھام کی جا سکے۔ چیئرمین بلدیہ کورنگی نے اسپرے مہم کا آغاز کرتے ہوئے متعلقہ ذمہ داروں کو ہدایت کی کہ جراثیم کش ادویات کے اسپرے مہم کے دوران ندی ،نالوں سمیت علاقائی سطح پر گلیوں اور محلوں کے ساتھ مساجد و امام بارگاہوں، اسکولوں، کالجوں اور ہسپتالوں میںبھی جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے قیام کے حوالے سے بلدیہ کورنگی سے تعاون کریں تاکہ باہمی تعاون سے ضلع کورنگی کے ہر علاقے میں صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا کر امراض کا خاتمہ اور اسے پھیلنے سے روکا جا سکے۔