وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں (ن) لیگی حکومت نے ایک غیر جانبدار اور غیر سیاسی پبلک سروس کمیشن قائم کر کے خطے کے اندر گڈ گورنس اور میرٹ کی مضبوط بنیادیں فراہم کر دی ہیں

مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما فدا حسین کیانی کا بیان

جمعرات 22 دسمبر 2016 14:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 دسمبر2016ء) مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما فدا حسین کیانی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں ’’ن لیگ‘‘ کی حکومت نے ایک غیر جانبدار اور غیر سیاسی پبلک سروس کمیشن قائم کر کے خطے کے اندر گڈ گورنس اور میرٹ کی مضبوط بنیادیں فراہم کر دی ہیں ۔نئے پبلک سروس کمیشن میں چیئرمین سمیت تمام ممبران کی اہلیت ، قابلیت مسلمہ ہے جس سے خطے کے اندر پڑھے لکھے جوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ۔

فدا حسین کیانی نے یہاں کشمیر ہائوس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر اور صدر مسلم لیگ ’’ن‘‘ راجہ محمد فاروق حیدر خان سے ملاقات کی اور انہیں خطے کے اندرزندگی کے ہر شعبہ میں انقلابی اور تاریخی اقدامات کرنے پر مبارک باد دی اور انہیں یقین دلایا کہ مسلم لیگ کے کارکنا ن اور اہل کشمیر اُن کی حکومت کی قائم کردہ ترجیحات کے مطابق خطے کو معاشی ، نظریاتی اور سیاسی استحکام اور تحریک آزادی کشمیر کو فعال اور تیز تر کرنے کے لئے اُن کی قیادت میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

فدا کیانی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے ہر قومی ادارے میں حکومت کے بہترین فیصلوں سے عوام ایک شاندار اور باوقار مستقبل کی طرف کامیابی سے آگے بڑھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان جناب محمد نواز شریف کی آزاد کشمیر کے ساتھ خصوصی دلچسپی سے بلاتخصیص تعمیر و ترقی کا عمل شروع ہو رہا ہے جس کے تحریک آزادی پر دوورس اور مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

فدا کیانی نے آزاد کشمیر کو این ایف سی ایوارڈ میں شامل کرانے کیلئے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی کاوشوں پر بھی انہیں اور حکومت میں شامل وزراء اور اُن کے رفقا ء کو مبارک باد دی اور اسے ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ آزاد خطہ زندگی کے ہر شعبہ میں مثالی اور بلا تخصیص تعمیرو ترقی کی طرف گامزن ہو گا۔

متعلقہ عنوان :