نیا پی ایس سی بنا دیا اب کوئی میرٹ کا قتل نہیں کر سکے گا، فاروق سکندر

ن لیگ کی حکومت آزادکشمیر کے اندر گڈگورننس اور میرٹ کی بحالی کو یقینی بنا کر دم لے گی‘وزیر مال آزاد کشمیر

جمعرات 22 دسمبر 2016 14:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2016ء) آزادکشمیر کے وزیر مال سردار فاروق سکندر نے کہا ہے کہ حکومت نے عوامی خواہشات کے مطابق میرٹ پر فیصلے کرنے والا پبلک سروس کمیشن تشکیل دے دیا ہے اب کسی کو میرٹ کے خلاف بھرتی ہو کر دوسروں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کا موقع نہیں ملے گا۔ ن لیگ کی حکومت آزادکشمیر کے اندر گڈگورننس اور میرٹ کی بحالی کو یقینی بنا کر دم لے گی۔

جمعرات کے روز یہاں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے سردار فاروق سکندر نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزادکشمیر نے اپنے دور میں ایسے کمیشن کی تشکیل کی جس کی نااہلی اور کرپشن عدالت میں امتحانی پرچوں میں ٹمپرنگ کی صورت میں ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم فاروق حیدر اپنے یا پارٹی مفاد کی بجائے صرف اور صرف ریاست اور نئی نسل کے مفادات کے تحفظ کے لئے اداروں کو مستحکم کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کرپشن کے ناسور نے معاشرے میں تمام مکاتب فکر میں اضطراب پیدا کر رکھا ہے۔ موجودہ حکومت نے کرپشن کے خلاف اعلانِ جہاد کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کی تمام توجہ ’’مال بنائو‘‘ مہم پر مرکوز رہی جس کے نتیجے میں ریاستی ادارے تباہی کے دھانے پر پہنچ چکے تھے مگر ن لیگ کی حکومت نے محض 4 ماہ میں ہی ریاست کے اندر گڈگورننس اور ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل کرنے کے لئے راستے کا تعین کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ ن وزیراعظم پاکستان نوازشریف جلد ہی آزادکشمیر کے دورے پر آرہے ہیں جہاں وہ آزادکشمیر اور باالخصوص جنگ بندی لائن کے قریب بسنے والوں کے لئے اربوں روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے۔

متعلقہ عنوان :