جموں کے ڈوگروں کو فائدہ نہیں ہو گا،حکمران کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے لئے گمراہ کن مہم چلا رہے ہیں،نیشنل کانفرنس

جمعرات 22 دسمبر 2016 14:31

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 دسمبر2016ء)نیشنل کانفرنس صوبائی صدر جموں دیویندر سنگھ رانانے بی جے پی اور پی ڈی پی پر سٹیٹ سبجیکٹ قوانین کوختم کرنے کی سازش کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران جماعتیں ریاست کے خصوصی درجہ کو کمزور بنانے کیلئے شاطرانہ چالیں چل رہی ہیں۔ بی جے پی نے ایک مذموم سازش کے تحت جموں خطہ میں ایک گمراہ کن مہم میں یہ غلط تاثر دیا ہے کہ سٹیٹ سبجیکٹ قوانین کی منسوخی سے ڈوگروں کو فائدہ ہوگا۔

گزشتہ روز جموں میں پارٹیکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رانا نے کہا کہ ریاستی عوام کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے مہاراجہ ہر ی سنگھ نے 1927میں سٹیٹ سبجیکٹ قوانین متعارف کروائے تھے۔ ان قوانین کا مطالبہ کشمیریوں یا لداخیوں نے نہیں کیا تھا بلکہ جموں کے ڈوگروں کو غیر ریاستی باشندگان، بالخصوص پنجاب سے اندیشہ تھا کہ وہ یہاں کی معیشت پر قابض ہو جائیں گے، مہاراجہ نے 90سال قبل جس دور اندیشی کا مظاہرہ کیا تھا ، بی جے پی اسے نظر انداز کرکے نام نہاد قوم پرستی کے نام پر یہاں کے لوگوں کا استحصال کرنے پر تلی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

سٹیٹ سمجیکٹ قوانین کو منسوخ کی گیا تو ریاستی باشندگان کے مواقع ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائیں گے۔ مستقل باشندہ قوانین پر صرف فرقہ وارانہ خلیج پیدا کرنے کے لئے تنازعہ پیدا کیا جا رہا ہے۔ مخلوط سرکار تعمیری ایجنڈہ کے بجائے تخریبی سیاست کر رہی ہے ۔