شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائیگا‘ شہدائے کشمیر نے منزل کے حصول کیلئے بے مثال جدو جہد کے بعد تاریخی قربانیاں پیش کیں ‘ شہداء کی ان قربانیوں کے صدقے سے تحریک آزادی کشمیر دن بدن مضبوط ہو رہی ہے‘ بھارتی سرکاراور فورسز تمام تر کوششوں ، طاقت کے استعمال ، نہتے کشمیریوں پر بدترین مہلک ہتھیاروں کے استعمال کے باوجود وہ ہمارا جذبہ آزادی سر د نہیں کر سکے

جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختاررسول وازاکا مختلف مقامات پر خطاب

جمعرات 22 دسمبر 2016 13:48

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 دسمبر2016ء) جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین و سینئر رہنماء آل پارٹیزحریت کانفرنس کی ایگزیکٹو باڈی کے ممبر مختاررسول وازاکشمیر میں حالیہ ہندوستانی بربریت کے دوران شہید ہونے والے کشمیریوں کے گھروں میں پہنچ گئے ۔ شہداء کے ورثاء سے اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ عوام کے اجتماعات سے خطاب اور احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی ۔

مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے حریت رہنماء مختار رسول وازا نے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ۔ شہدائے کشمیر نے اپنی منزل کے حصول کے لیے بے مثال جدو جہد کے بعد تاریخی قربانیاں پیش کیں ۔ شہداء کی ان قربانیوں کے صدقے سے تحریک آزادی کشمیر دن بدن مضبوط ہو رہی ہے ۔ ہندوستانی حکومت اور فورسز اپنی تمام تر کوششوں ، طاقت کے استعمال ، نہتے کشمیریوں پر بدترین مہلک ہتھیاروں کے استعمال کے باوجود وہ ہمارا جذبہ آزادی سر د نہیں کر سکے ۔

(جاری ہے)

شہداء نے حق خود ارادیت جیسے بنیادی حق کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔ شہداء کا لہو کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گا ۔ جب تک آخری کشمیری بھی زندہ ہے کشمیر پر بھارت کے جبری قبضہ کو تسلیم نہیں کیا جائے گا ۔ ہندوستان کشمیر کو متنازعہ خطہ تسلیم کرتے ہوئے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے ۔ ہماری تحریک نصف صدی سے جاری ہے اور لاکھوں شہداء اس تحریک میں قربان ہو چکے ہیں ۔

یہ تحریک آگے ہی بڑھے گی ۔ ہندوستان کی یہ خام خیالی ہے کہ وہ طویل کرفیو اور سختیوں و تشدد سے تحریک کو دبا سکے گا ۔ کشمیریوں کی تیسری نسل تحریک کو آگے بڑھا رہی ہے اور انشااللہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ سینئر حریت رہنماء و چئیرمین پیپلز لیگ مختار وازا نے مزید کہا کہ عالمی برادری کی جانب سے عدم توجہ کسی بھی بڑی تباہی کا سبب بن سکتا ہے ۔ کشمیریوں کے اصولی و و عالمی سطح پر تسلیم شدہ حق کو ہندوستان نے جبری دبا رکھا ہے ۔ حق خود ارادیت کے علاوہ کوئی حل قابل قبول نہیں ہے ۔ کشمیر ایک متنازعہ خطہ ہے اور یہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ حقیقت ہے ۔ ہندوستان کو بھی اپنا غیر اصولی مؤقف ترک کر کے کشمیر کو متنازعہ خطہ تسلیم کرنا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :