ملک و قوم کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے ،سردار ارشد ندیم ایڈووکیٹ

دنیا میں جہاں بھی انقلاب آیا یا آزادی کی تحریک کامیاب ہو ئی اس میں نوجوانوں نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا

جمعرات 22 دسمبر 2016 13:23

پلندری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2016ء)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل سردار ارشد ندیم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ملک و قوم کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے ، دنیا میں جہاں بھی انقلاب آیا یا آزادی کی تحریک کامیاب ہو ئی اس میں نوجوانوں نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوان پوری ملت کا قیمتی سرمایہ ہیں ، برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد نوجوانوں میں ایک نیا جوش و جذبہ پیدا ہوا ہے ، نوجوان اپنے مستقبل کا تعین کرتے ہوئے منزل کی طرف پیش قدمی کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام ایجوکیشن ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وائس چیئرمین آزاد جموں وکشمیر بار کونسل سردار حبیب ایڈووکیٹ ، امیر جماعت اسلامی ضلع سدھنوتی قیصر نعیم ، سیکرٹری ضلع سدھنوتی مظہر آفتاب ، معتمد اسلامی جمعیت طلبہ شعیب نذیر سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ارشد ندیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کا یوم تاسیس ہے جمعیت نے اپنے پورے ادوار میں ملک و ملت کی خدمت کی ہے ، ملک کو دیانت دار اور امانت دار قیادت فراہم کی ہے پاکستان کو متحد رکھنے کے لیے بنگلہ دیش میں اپنے جانوں کے نذرانے پیش کیے ، پاکستان و آزاد کشمیر میں نوجوانوں کو مغربی تہذیبی یلغار سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے ، آزاد کشمیر میں نوجوانوں کی کردار سازی کا واحد ادارہ جمعیت ہے ، مغربی استعمار اپنے پورے لائو لشکر و سائل کے ساتھ امت کے نوجوانوں اور خواتین کو ہدف بنائے ہوئے ہے ، جمعیت ان سارے واسائل اور لائو لشکر کے خلاف واحد طاقت ہے جو نوجوانوں کو اسلام کی طرف لا رہی ہے اور اسلامی تہذیب اپنانے کی دعوت دے رہی ہے ۔

اس موقع پر سردار ارشد ندیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جو آزادی کی تحریک چل رہی ہے اس میں نوجوان اپنا فعال کردار ادا کر رہے ہیں ، آزاد خطے کے نوجوان بھی اس میں اپنا فعال کردار ادا کریں ۔