امریکی کمپنی فلیرٹی کا ڈرون کے ذریعے تجارتی سامان لوگوں تک پہنچانے کے بزنس میں گوگل اور ایمیزون پر سبقت لے جانے کا دعویٰ

جمعرات 22 دسمبر 2016 11:27

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) امریکی ریاست نیوڈا میں قائم ایک نئی کمپنی نے کہا ہے کہ اسے ڈرون کے ذریعے تجارتی سامان لوگوں تک پہنچانے کے کام میں گوگل اور ایمیزون پر سبقت حاصل ہے۔امریک ذرائع ابلاغ کے مطابق فلیرٹی نامی کمپنی پرچون سامان بیچنے والے سٹوروں کی ایک چین سیون الیون کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے اور اس کا دعویٰ ہے کہ اس نے ڈرون کے ذریعے 77 صارفین تک کامیابی سے ان کے آرڈرز پہنچائے ہیں۔

فلیرٹی کے چیف ایگزیکٹو میتھو سوینی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیون الیون کے ساتھ ہماری شراکت داری ہے اور ہم نے ڈرون کے ذریعے ڈلیوری کا کام شروع کرنے کے بعد پہلے مہینے میں 77 گاہکوں تک کامیابی سے انہیں آرڈر کیا جانے والا سامان پہنچایا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک بڑی کامیابی ہے اور ڈرون کے ذریعے صارف کے دروازے تک فوری طور پر سامان پہنچانے کے مستقبل کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ ڈرون کے ذریعے تمام ڈلیوریز نومبر کے مہینے میں ہفتے اور اتوار کو کی گئیں۔ گاہکوں تک پہنچائی جانے والی اشیاء میں کھانے پینے کی گرم اور ٹھنڈی چیزیں، اور کھلے عام ملنے والی دوائیں شامل تھیں۔فلیرٹی کا کہنا ہے کہ صارف تک سامان پہنچانے میں اوسطاً دس منٹ لگتے ہیں۔کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ نئے سال میں اپنی ڈرون سروس میں توسیع دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔

متعلقہ عنوان :