میپکو نے عوام کی سہولت کے لئے بجلی بلوں پر میٹرریڈرز کے نام اور ان کے رابطہ نمبرزشائع کرنا شروع کردیئے

بدھ 21 دسمبر 2016 23:41

ملتان ۔21دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 دسمبر2016ء) ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) نے عوام کی سہولت کے لئے بجلی بلوں پر میٹرریڈرز کے نام اور ان کے رابطہ نمبرز شائع کرنا شروع کردیئے ہیں ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سسٹم میپکو میاں ندیم احمد نے بتایاکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مسعود صلاح الدین کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ان اقدامات کے باعث میپکو ریجن سے اووربلنگ کی شکایات کا مکمل خاتمہ ہوگیاہے ۔

صارفین بجلی بلوں اور تصاویر پر میٹرریڈنگ میں فرق آنے پر صارفین متعلقہ آپریشن سب ڈویژن سے رابطہ کریں تاکہ زیادہ ریڈنگ ڈالنے والے میٹرریڈر کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جاسکے ۔ اس سے قبل بجلی بلوں پر صارفین کے استعمال شدہ ماہانہ یونٹس کی درست تصاویر شائع کی جارہی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میپکو ریجن کے 5کلوواٹ سے زائدلوڈ کے کمرشل صارفین کے بلوں پر ریڈنگ کی تصاویر شائع کرنیکا فیصلہ کیاگیاہے جس پر رواں ماہ دسمبر سے عملدرآمد ہوجائیگا جبکہ 9آپریشن سرکلوں میں ایسے زرعی ٹیوب ویل اور صنعتی صارفین جن کے اے ایم آر میٹرز نہیں ہیں ان کی بھی میٹرریڈنگ کی تصاویر بلوں پرشائع کرنیکا سلسلہ شروع کردیاہے ۔

صارفین کی سہولت کے لئے جنوری 2017؁ء سے میپکو ویب سائٹ www.mepco.com.pkسے جاری ہونے والے ڈوپلیکیٹ بلوں پر بھی میٹر ریڈنگ کی تصاویر شائع کی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ نومبر 2016؁ء میں میپکو ریجن میں صارفین کے میٹروں کی درست ریڈنگ کی تصاویر کی شرح 97فیصد سے زائد رہی ہے ۔ میپکو ملتان سرکل کے زیر انتظام سب ڈویژنوں میں میٹروں کی درست ریڈنگ کی تصاویر کی شرح 97.10فیصد رہی ہے جس پر ملتان سرکل نے میٹرز کی درست ریڈنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ ڈی جی خان سرکل میں شرح89.55فیصد، وہاڑی سرکل میں 96.43فیصد، بہاولپور سرکل میں 95.50فیصد، ساہیوال سرکل میں 97.09فیصد، رحیم یار خان سرکل میں 91.26فیصد، مظفرگڑھ سرکل میں 91.13فیصد، بہاولنگر سرکل میں 95.87فیصداور خانیوال سرکل میں میٹرریڈنگ کی تصاویر کی شرح 95.32فیصد رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :