زرداری کے استقبال کی تیاریاں عوام کے لوٹے ہوئے مال پر دھمال ہے ، انور گجر ،رزا ق باجودہ

بدھ 21 دسمبر 2016 23:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 دسمبر2016ء) سندھ نیشنل فرنٹ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ( اطلاعات ) محمد انور گجر ، کراچی کے کوآرڈینیٹر رزاق باجوہ ، میر عبدالنبی بروہی ، عبدالفتح بھٹو نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آصف زرداری کے استقبال کی تیاریاں صرف عوام کے لوٹے ہوئے مال پر دھمال ہے ۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے وقت نہ نکلنے والے مفاد پرست لوگ آج صرف زرداری کی لوٹی ہوئی حرام کی دولت ، پاور ، اقتدار اور اخبارات کی چمک دیکھ کر ان کے پیچھے منہ کھول کر بھاگ رہے ہیں ۔

جس دن زرداری اور اس کے خوشامدی و درباریوں کے برے دن شروع ہوئے یا ان پر ہاتھ ڈالا گیا تو یہی لوگ کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں گے ۔ حقیقت تو یہ ہے کہ جس عظیم لیڈر شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک و قوم کی خاطر ان جابروں سے اور ظالموں سے لڑ کر اپنی جان کی قربانی دی اس عظیم رہنما کے لیے پھانسی کے وقت پورے سندھ میں ہو کا عالم اور سناٹا چھا یاہوا تھا لیکن پنجاب میں تو کچھ محبت کرنے والے جیالوں نے احتجاجاً اپنے آپ کو آگ لگائی اور چند جگہوں پر مظاہرے بھی ہوئے ۔

(جاری ہے)

لیکن سندھ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے کزن سردار ممتاز علی بھٹو نے ہی اس وقت ان کا ساتھ دینے کی وجہ سے جنرل ضیاء الحق کے ظلم ، زیادتیوں و تشدد کی صعوبتیں برداشت کرکے آخری وقت تک ان کا ساتھ نہیں چھوڑا اور جیل سے رہا ہونے کے فوراً بعدشہید بھٹو کی رہائی کے لیے تحریک چلانے کے لیے پیپلز پارٹی کے بڑے بڑے نامی گرامی رہنماؤں کے دروازے بھی کھٹکھٹائے کہ آؤ باہر نکلو آپ کی خاموشی شہید بھٹو کے لیے خطرناک ثابت ہو گی لیکن کئی لوگ باہر نکلنے کے بجائے پیپلز پارٹی چھوڑ کر خاموش ہو کر گھروں میں بیٹھ گئے یا ملک سے فرار ہو گئے اور بچے کچے لوگ معافیاں مانگتے پھر رہے تھے ۔

لیکن افسوس ناک بات تو یہ ہے کہ جو آج شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پارٹی کے مالک بنے ہوئے ہیں ۔ یہ لوگ تو اس وقت شہید بھٹو کی پھانسی پر مٹھائیاں بانٹ کر خوشی و بھنگڑے ڈال کر خوب جشن منا رہے تھے ۔ جس میں زرداری کے والد حاکم زرداری سرفہرست ہیں ۔ موجودہ پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی پارٹی نہیں بلکہ یہ زرداری کا کرپٹ ٹولہ ہے ۔ اس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دشمنوں کو چن چن کر شامل کیا گیا ہے ۔ جن کے ہاتھ بھٹو خاندان کے خون سے کندھوں تک رنگے ہوئے ہیں، لیکن آج انہیں مفاد پرست لوگوں نے بھٹو کے نام کو اپنی روزی روٹی اور لوٹ مار کا ذریعہ بنایا ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :