معدنیات کا ضیاع روکنے کے لئے جدید مشینری کا استعمال وقت کی ضرورت ہے، راجہ عامر اقبال

بدھ 21 دسمبر 2016 19:29

راولپنڈی۔21 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 دسمبر2016ء)راولپنڈی چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری کے صدر راجہ عامر اقبال نے کہاہے کہ ملک میں مائننگ کی صنعت کے فروغ کے لئے عملی طور پر اقدامات اٹھائے جائیں، صنعت کو فروغ دینے اور معدنیات کوضائع ہونے سے بچانے کے لئے جدید ترین مشینری کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے حکومت کو چایئے کہ مائننگ کی صنعت میں استعمال ہونے والی مشینری کی درآمد پر عائد ڈیوٹی کو ختم کیا جائے ، قدرت نے پاکستان کو معدنیات کی دولت سے مالا مال کیا ہے مگر ہم ٹیکنالوجی کی عدم دستیابی کی وجہ سے اسے ضائع کر رہے ہیں ،تھر میںموجود کوئلہ کے ذخائر سے کئی سو سال تک سستی بجلی پیدا کی جا سکتی ہے اس کے علاوہ قیمتی پتھروں اور دیگر نایا ب دھاتوں کی صرف برآمد سے ملک کے لئے اربوں روپے کا زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے جس سے ملک کی برآمدات بھی بڑھیں گی اور ریونیو کے نئے ذرائع بھی میسر آئیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائمہ کمیٹی برائے مائنز اینڈ منرل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر،سینئر نائب راشد وائیں ،نائب صدر عاصم ملک، گروپ لیڈرز شیخ شبیر، سہیل الطاف، ایس ایم نسیم ، سابق صدور نجم ریحان، منظر خورشید، میاں ہمایوں پرویز ،چیئر مین کمیٹی راجہ مجاہد افسر، ارکان مجلس عاملہ اور دیگر اراکین کمیٹی بھی موجو دتھے۔

اس موقع پر کمیٹی کے چیئر مین راجہ مجاہد نے کہا کہ قائمہ کمیٹی برائے مائنز اینڈ منرلز کے قیام کا مقصد مذکورہ صنعت کو فروغ دینا ہے اور اس حوالے سے چیمبر کو تجاویز دینا ہے انہوں نے کہا کہ خطے میں معدنیات کے لئے استعمال ہونے والے روایتی طور طریقوں کا خاتمہ کرنا ہو گا اور انکی جگہ جدید ترین مشینری کے استعمال کو یقینی بنانا ہو گا تا کہ قدرتی دولت کو ضائع ہونے سے روکا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس صنعت میں استعمال ہونے والی مشینری پر ٹیکس کو ختم کیا جائے تا کہ نقصان کو کم سے کم کیاجائے۔