یوٹرن مارنے والے شکست خوردہ عناصر پاکستان کی ترقی کا یوٹرن چاہتے تھے ‘ ساڑھے تین برس کے دوران عوام کی ترقی و خوشحالی کے مخالفین نے ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے کی ہر ممکن کوشش کی‘ اللہ تعالیٰ نے 20کروڑ عوام کی دعائوں سے ایسے عناصرکی ہر کوشش کو ناکام بنایا، 2نومبر کوبھی انہیں ناکامی ہوئی‘ وزیراعظم کی سربراہی میں تیزرفتار ترقی کے شفاف سفر کی مخالفین کو تکلیف ہورہی ہے،شہباز شریف

بدھ 21 دسمبر 2016 11:07

یوٹرن مارنے والے شکست خوردہ عناصر پاکستان کی ترقی کا یوٹرن چاہتے تھے ..

لاہور۔20 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے اور سی پیک کے تحت پاکستان کی تمام اکائیوں میں توانائی سمیت متعدد ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ سی پیک کے تحت پاکستان میں چین کی 51 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے پاکستانی قوم کی تقدید بدلے گی ۔

سی پیک کے تاریخ ساز پیکیج پر ہمارے دوست خوش اور دشمنوں کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔وہ منگل کو یہاں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے عظیم الشان منصوبے پر عملدرآمد سے ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیںاورپاکستان اپنی کھوئی ہوئی منزل کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور سے خطے میں اقتصادی و معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔

سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبوں میں 36 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے اور آئندہ سال کے آخر میں توانائی کے متعدد منصوبوں کی تکمیل سے ملک سے بجلی کے اندھیرے چھٹ جائیں گے اور توانائی بحران کے خاتمے سے پاکستان کا قریہ قریہ روشن ہو گا۔ چین نے سی پیک کاعظیم الشان سرمایہ کاری پیکیج دے کر پاکستان کی توانائی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے بھر پور مدد کی ہے جس پرہم ان کے شکرگزار ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بلاجواز دھرنوں اوراحتجاج کے ذریعے اس تاریخ سازسرمایہ کاری پیکیج میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کرنے والوںکوملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان شکست خوردہ عناصر نے دھرنوں کے ذریعے سی پیک کے منصوبوں میں تاخیر پیدا کی۔ گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران عوام کی ترقی و خوشحالی کے مخالفین نے ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکناللہ تعالیٰ نے 20کروڑ عوام کی دعائوں سے ایسے عناصرکی ہر کوشش کو ناکام بنایا۔

دھرنوں کے ذریعے پاکستان کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کا دھڑن تختہ کرنے کی کوشش کی گئی اور 2نومبر کویہ شکست خو ردہ عناصر پاکستان کی ترقی کا لاک ڈاؤن کرنا چاہتے تھے لیکن انہیں اس میںبھی ناکامی ہوئی۔باربار یوٹرن لینے والے یہ عناصر پاکستان کی ترقی کا یوٹرن چاہتے تھے کیونکہ وزیراعظم نوازشریف کی سربراہی میں تیزرفتار ترقی کے شفاف سفر کی مخالفین کو تکلیف ہورہی ہے ۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوام کی حمایت سے دھرنوں کے باوجود ترقی کے سفر کو آگے بڑھایا گیا ہے کیونکہ عوام کی خدمت ہی عبادت اورسیاست ہے ۔وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوامی خدمت کے سفر کو کامیابی سے آگے بڑھا رہی ہے اورآئندہ ڈیڑھ برس کے دوران عوامی خدمت کا سفر مزید تیزی سے جاری ر ہے گا ۔