نان اور روٹی کی زائد قیمتوں اور مقررہ وزن سے کم مقدار میں فروخت کرنے والوں کے خلاف بھر پور کریک ڈائون کیا جائے گا،بلال یاسین

منگل 20 دسمبر 2016 22:27

لاہور۔20 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے صوبے کے تمام اضلاع میں نان اور روٹی کی زائد قیمتوں اور مقررہ وزن سے کم مقدار میں بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کرنے کی ہدایت جار ی کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں تندروں پر نان اور روٹی کی قیمت بالترتیب 10 روپے اور 6 روپے سے زائد وصول کی جارہی ہے جبکہ ان کا وزن 120 گرام اور 100 گرام سے کم ہوتا ہے۔

زائد قیمت اور کم وزن پر فروخت کرنے والے تندور مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اُنہوں نے مارکیٹ میں دال چنا کی قیمت میں اچانک اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ زراعت اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی کہ چنا کی کاشت اور بہتر پیداواریت کے لیے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

(جاری ہے)

اِن خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خوراک و چیئر مین پرائس کنٹرول کمیٹی بلال یاسین نے سول سیکرٹریٹ میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور اشیائے خورو نوش کی مقررہ قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ اُنہوں نے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فعال کرنے اور اِن کی کارکردگی کو مانیٹر کرنے کی ہدایت کی۔ اُنہوں نے تمام ڈی سی اوز کو باقاعدگی سے اتوار بازاروں کا دورہ کرنے اور اشیاء کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لینے کی ہدایت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ بھارت سے ٹماٹر کی درآمدات پر پابندی کے بعد مقامی کاشتکاروں نے ٹماٹر پر خصوصی توجہ دی ہے جس کے نتیجہ میں ارزاں نرخوں پر اضافی مقدار میں ٹماٹر مارکیٹوں دستیاب ہے۔

دال چنا کی پیداوار اور قیمتوں کے کنٹرول کے حوالے سے اُنہوں نے ساہیوال اور فیصل آباد کے ڈی سی اوز کو مقامی سطح پر چنے کے کاشتکاروں سے قیمتوں کے کنٹرول کے حوالے سے لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ آئندہ چنے کی بہتر پیداوار کے لیے کسانوں کی فصل اور علاقہ کے لحاظ سے زوننگ کی جائے گی جس سے چنے سیمت دیگر دالوں کی کاشت میں اضافہ ہوگا اور حکومت بھی کسانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ریلیف دے گی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ پولٹری اور گوشت کی قیمتیں معمول کے مطابق ہیں جبکہ مارکیٹ میں انڈوں کی قیمتیں گذشتہ سال کی نسبت زیادہ ہیں۔ جس کی بنیادی وجہ انڈوں کی طلب میں اچانک اضافہ ہے۔ اجلاس میں وزیر خوراک کو سیکرٹری انڈسٹری اور سیکرٹری لائیوسٹاک نے مارکیٹ میں قیمتوں اور اشیاء کی طلب اور رسد پر بریفنگ دی ۔ اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی ، سیکرٹری لائیو سٹاک ، سیکرٹری انڈسٹری ، ڈپٹی سیکرٹری پرائس کنٹرول اور محکمہ اطلاعات، خوراک، زراعت ، فنانس ، ٹرانسپورٹ اور ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :