تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کے حوالے سے تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع

منگل 20 دسمبر 2016 20:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 دسمبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نجی اخبار کی خبر کے مطابق صوبائی دارالحکومت سمیت ملحقہ علاقوں میں موجود تعلیمی اداروں کی کینٹین، نام نہاد طلبہ تنظیمیں اور مافیا کی طرف سے غریب گھرانوں کے داخل کروائے گئے طلبہ کی مدد سے منشیات فروشی جیسے گھنائونے کاروبار میں ملوث ہونے کے انکشافات کو پولیس اور تعلیمی اداروں کی سرپرستی کرنے والے سرکاری افسران نوٹوں کی چمک سے پردہ پوشی کرنے لگے۔

(جاری ہے)

منشیات کی لت پوری کرنے کے لئے طالبات کو جسم فروشی جیسے دھندے میں بھی ملوث کر دیا جاتا ہے۔ مفاد پرستوں کی جانب سے ہاسٹل میں مقیم طلبا و طالبات کو فراہم ہونے والے نشے کو سٹف کا نام دے کر سوشل میڈیا کی مدد سے آگاہ کیا جا رہاہے، رواں سال کے دوران 5 طلبا کی المناک موت کے باعث خوف ناک سکینڈل سامنے آنے پر بھی حکومتی مشینری حرکت میں نہ آ سکی، بااثر اور سیاسی شخصیات مستقبل کے ہنر مندوں کی تباہی میں ملوث عناصر کی آلہ کاربن گئی ہے۔