سیکرٹری زراعت کی سربراہی میں محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈزکی ٹیمیں متحرک

جعلی زرعی ادویات کے خلاف آپریشن جاری‘ملتان میں محکمہ زراعت کے فیکٹری پرچھاپے کے دوران لاکھوں روپے کی جعلی زرعی ادویات قبضہ میں لے کرحوالہ پولیس کر دی گئیں

منگل 20 دسمبر 2016 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 دسمبر2016ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سیکریٹری زراعت کی سربراہی میں محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ کی ٹیمیں متحرک ہو گئیں۔ ملتان میں ایک آپریشن کے دوران ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول ایند پیسٹی سائیڈز، ملتان ریجن چوہدری محمد فاروق کی سربراہی میں جعلی زرعی ادویات کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے مقامی پولیس ٹیم کے ہمراہ چھاپے کے دوران لاکھوں روپے کی جعلی زرعی ادویات برآمد کر لیں۔

محکمہ زراعت کی ٹیم نے ڈیرہ رشید میتلا ضلع ملتان سے تقریباً 36 لاکھ روپے مالیت کی جعلی زرعی ادویات قبضہ میں لے کر پولیس کے حوالے کیں اورموقعہ سے فیکٹری مالک ملزم بنیامین کو گرفتارکر لیا گیا ۔

(جاری ہے)

چھاپے کے دوران ملزمان کے زیر استعمال مختلف نیشنل اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے لئیبل اور بوتلیں بھی قبضہ میں لے لی گئیں۔ملزمان کے مختلف نیشنل اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے لیبل استعمال کر کے جعلی زرعی ادویات تیار کرنے کے مکروہ دھندے میں ملوث پائے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔

ملزمان کے خلاف تھانہ مظفر آباد، ضلع ملتان میں ایف آئی آر کے اندراج کے لئے درخواست دی جا چکی ہے۔ ترجمان محکمہ زراعت نے یہ بھی بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیکریٹری زراعت پنجاب کی سربراہی میں جعلی زرعی ادویات کے مکروہ دھندے کے خلاف آپریشن پورے پنجاب میںجاری ہے اور اس دھندے میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :