انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے ایک باقاعدہ مہم جاری ہے

وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان کا ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران جواب

منگل 20 دسمبر 2016 16:55

انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے ایک باقاعدہ مہم جاری ہے
اسلام آباد ۔20دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2016ء) وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے ایک باقاعدہ مہم جاری ہے‘ پچھلے ایک سال سے بھی کم عرصے میں 2184 انسانی سمگلروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ منگل کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر اعظم سواتی‘ طلحہ محمود ‘ سردار اعظم موسیٰ خیل کے سوالات کے جواب میں وزیر مملکت برائے داخلہ نے ایوان کو بتایا کہ ایف آئی اے قانونی اتھارٹی اور مکمل آزادی کے تحت کام کر رہی ہے۔

اس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

(جاری ہے)

ای او بی آئی کیس سمیت متعدد کیسز اس کی مثال ہیں۔ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کے تحفظ سے متعلق وزارت داخلہ کے سامنے کوئی معاملہ نہیں اٹھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے سے کی جانے والی تحقیقات‘ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے ایک باقاعدہ مہم شروع کی گئی ہے۔ 18 نومبر 2015ء سے 18 اگست 2016ء تک 2184 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ 1443 مقامات پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کی امیگریشن سے متعلق قوانین کا دائرہ طورخم بارڈر تک بڑھا دیا گیا ہے تاکہ غیر قانونی انسانی سمگلنگ کو روکا جاسکے۔