موجودہ حکومت کے دور میں ریلوے کے خسارے میں نمایاں کمی آئی ہے‘ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق

منگل 20 دسمبر 2016 16:55

موجودہ حکومت کے دور میں ریلوے کے خسارے میں نمایاں کمی آئی ہے‘ وفاقی ..
اسلام آباد ۔20دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں ریلوے کے خسارے میں نمایاں کمی آئی ہے‘ اگلے دو تین سال میں خسارہ مزید کم ہو جائے گا‘ ریلوے کی کارکردگی کو بہتر بنا رہے ہیں‘ جیکب آباد۔ سبی‘ کوئٹہ ریلوے لائن کو اپ گریڈ کیا جائے گا‘ کوئٹہ تفتان ریلوے لائن کے لئے اربوں ڈالر درکار ہوںگے‘ ایم ایل ون ‘ ایم ایل ٹو اور ایم ایل تھری پراجیکٹس ترجیحی بنیادوں پر مکمل ہونگے۔

منگل کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر طلحہ محمود ‘ سردار اعظم موسیٰ خیل‘ ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کے سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ایوان کو بتایا کہ 2015-16ء میں پاکستان ریلوے کا خسارہ 26 ارب 99 کروڑ 30 لاکھ روپے رہا۔

(جاری ہے)

2013-14ء میں یہ نقصان 32 ارب 52 کروڑ 70 لاکھ روپے تھا۔ انہوں نے کہا کہ مال برداری میں پچھلے ساڑھے تین سال میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

پنشن اور تنخواہوں میں اضافے سے مالی بوجھ بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے دو تین سال میں خسارے میں مزید کمی آئے گی۔ ہم نے پچھلے سال 40کروڑ روپے ملازمین میں تقسیم کئے گئے ہیں۔ ایک باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ریلوے کی کارکردگی کو بہتر بنایا جارہا ہے۔ 2015-16ء میں ریلوے کی آمدنی 36 ارب 60 کروڑ روپے تک پہنچ گئی جوکہ 2014-15ء میں 31 ارب 90 کروڑ روپے تھی۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت مرکزی کوریڈور ایم ایل ون کے موجودہ ٹریک کو بہتر بنایا جار ہا ہے۔ مستقبل میں باربرداری کی نقل و حرکت کیلئے نئے راستوں کی تلاش کی غرض سے فریٹ ٹرانسپورٹ کمپنی قائم کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیکب آباد‘ سبی‘ کوئٹہ ریلوے لائن کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ کوئٹہ ژوب کو کوٹلہ جام ڈیرہ اسماعیل خان سے ملایا جائے گا۔

اس کی فزیبلٹی تیار کی جارہی ہے۔ پہلے ایم ایل ٹو اور پھر ایم ایل تھری بنائی جائے گی۔ گوادر بسیمہ لائن کے لئے زمین کے حصول کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ ہم نے گوادر شہر میں ریلوے سٹیشن اور تنصیبات کے لئے 60 سے 70 فیصد جگہ حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبی ہرنائی ریلوے ٹریک پر 45 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ کوئٹہ تفتان ریلوے لائن کے لئے اربوں ڈالر چاہیے ہوں گے۔ ہماری پہلی ترجیح ایم ایل ون‘ ایم ایل ٹو اور ایم ایل تھری ہیں۔

متعلقہ عنوان :