ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی کو 30دسمبر تک عدالتی ریمانڈ پر جیل روانہ

سنا ہے آپ نے تفتیش میں بڑے انکشافات کیے ہیں ،صحافی کا سوال ،اگر آپ بھی ہوتے تو انکشافات کردیتے ،کامران فاروقی کا جواب

منگل 20 دسمبر 2016 16:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 دسمبر2016ء) انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی کو 30دسمبر تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے اور آئندہ سماعت پر مقدمہ کاچالان پیش کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔منگل کو انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت کے روبرو ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی کامران اختر فاروقی کو پیش کیا گیا ۔

(جاری ہے)

کامران فاروقی کے خلاف دستی بم اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات نبی بخش تھانے میں درج ہیں ۔ملزم کو پولیس نے نارتھ ناظم آباد سے حراست میں لیا تھا ۔عدالت نے آئندہ سماعت پر مقدمہ کا چالان پیش کرنے اور ملزم کو 30دسمبر تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔سماعت کے بعد کامران اختر فاروقی نے میڈیا سے گفتگو بھی کی ۔ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ سنا ہے کہ آپ نے تفتیش میں بڑے انکشافات کیے ہیں تو کامران فاروقی نے کہا کہ اگر آپ بھی ہوتے تو انکشافات کردیتے ۔صورت حال جلد واضح ہوجائے گی ۔