نائر کی ٹرپل سنچری اور جدیجہ کی تباہ کن بائولنگ، بھارت نے انگلینڈ کو آخری ٹیسٹ اننگز ، 75 رنز سے ہرا دیا

منگل 20 دسمبر 2016 16:42

نائر کی ٹرپل سنچری اور جدیجہ کی تباہ کن بائولنگ، بھارت نے انگلینڈ کو ..

چنائی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2016ء) کرون نائر کی شاندار ٹرپل سنچری اور روندرا جدیجہ کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت بھارت نے انگلینڈ کو پانچویں اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 75 رنز سے ہرا کر سیریز 4-0 سے جیت لی، انگلش ٹیم میچ کے آخری روز اپنی دوسری اننگز میں 207 رنز پر ڈھیر ہوئی، کیٹن جیننگز اور کپتان ایلسٹرکک نے ٹیم کو 103 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم دونوں اوپنرز کے آئوٹ ہونے کے بعد انگلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی جدیجہ کی گھومتی ہوئی بائولنگ کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا، 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، جیننگز 54 اور کک 49 رنز بنا کر نمایاں رہے، جدیجہ نے دوسری اننگز میں 7 جبکہ میچ میں مجموعی طور پر 10 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کرون نائر میچ اور ویرات کوہلی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

منگل کو چنائی ٹیسٹ کے آخری روز انگلش ٹیم نے 12 رنز بغیر کسی نقصان دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو کپتان ایلسٹرکک 3 اور کیٹن جیننگز 9 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 103 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم اس موقع پر جدیجہ نے کک کو آئوٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنر شپ توڑ دی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، کک 49 رنز بنا کر چلتے بنے، قائد کے بعد جیننگز بھی ہمت ہار گئے اور 54 رنز بنا کر جدیجہ کی گیند کا نشانہ بنے، دونوں اوپنرز کے آئوٹ ہونے کے بعد انگلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی جدیجہ کی جادوئی سپن بائولنگ کا مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 207 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، چھ کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے سے محروم رہے، جوروٹ 6، معین علی 44، جونی بیئرسٹو ایک، بین سٹوکس 23، لیام ڈاسن صفر، عادل رشید 2، سٹورٹ براڈ ایک اور جیک بال صفر پر آئوٹ ہوئے، جدیجہ نے کیریئر بہترین بائولنگ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، ایشانت شرما، اومیش یادیو اور امیت مشرا نے ایک، ایک وکٹ لی۔

متعلقہ عنوان :