پیپلزپارٹی کا ریگولیٹری باڈیز کو وزارتوں کے ماتحت کرنے پر احتجاج

موجودہ حکومت نے بادشاہت کی بد ترین مثال قائم کردی ہے سینیٹر سلیم مانڈوی والا

منگل 20 دسمبر 2016 15:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی نے ریگولیٹری باڈیز کو وزارتوں کے ماتحت کرنے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے بادشاہت کی بد ترین مثال قائم کردی ہے۔ مسلم لیگ نون نے قومی اداروں کو تباہ کردیا ہے۔آزاد اور خود مختار اداروں کو غلام نہیں بنایا جاسکتا ہے۔

حکومت پارلیمنٹ اور جمہوریت کو برباد کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون بادشاہت کے تمام ریکارڈ توڑ رہی ہے۔ حکومت ریگولیٹری باڈیز کو وزارتوں کے ماتحت کرنے کی بجائے بند کردے ۔ ریگولیٹری اداروں کو مکمل آزادی اور خو مختاری دی جائے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والانے کہا کہ مسلم لیگ نوز ملک میں خود مختار اداروں کی آزادی پر یقین نہیں رکھتی۔

(جاری ہے)

آزاد اداروں کو وزارتوں کے ماتحت کرنے کا فیصلہ کسی صورت قبول نہیں ہے ۔ رات کی تاریکی میں جاری کیا گیا نوٹس واپس لیا جائے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اداروں کی آزادی اور خودمختاری پر یقین رکھتی ہے۔ پیپلزپارٹی نے اپنے دور اقتدار میں اداروں کو مضبوط کیا اور انہیں خودمختاری دی۔ مسلم لیگ نون نے اقتدار میں آتے ہی ان اداروں کے پر کاٹنا شروع کردیے۔

مسلم لیگ نواز پارلیمنٹ کی بالا دستی پر یقین نہیں رکھتی، حکومت پارلیمنٹ سے فرار رہتی ہے۔ موجودہ حکومت خودمختار اداروں کے سامنے پیش نہیں ہونا چاہتی کیوں کہ وہ احتساب سے ڈرتی ہے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ مسلم لیگ نون قومی اداروں کے ساتھ وہ سلوک کررہی ہے جو کسی آمر نے بھی نہیں کیا۔ پیپلزپارٹی حکومت کے ان فیصلوں کو مسترد کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :