روسی گندم کے نرخوں میں اضافہ

منگل 20 دسمبر 2016 15:13

ماسکو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2016ء) روس کی گندم کے نرخوں میں اضافہ ہوا جس کی وجہ بڑے خریداروں مصر اور بھارت کی جانب سے طلب میں اضافہ ہے تاہم ڈالر کے مقابلے میں روبل کی شرح تبادلہ میں استحکام کے باعث اضافہ محدود رہا۔بحیرہ اسود کی 12.5 فیصد پروٹین کی حامل گندم کے جنوری کیلئے سودے فری آن بورڈ کی بنیاد پر 0.5 ڈالر بڑھ کر 182.5 ڈالر فی ٹن طے پائے۔

(جاری ہے)

اسی علاقے کی 11.5 پروٹین کی حامل گندم کے سودے اضافے کے بعد 182 ڈالر فی ٹن رہے۔مصری حکام کے مطابق گزشتہ ماہ بھی 2,40,000 ہزار ٹن گندم کے سودے روسی حکام کے ساتھ طے پائے جن کی سپلائی جنوری میں ہوگی۔ادھر بھارت نے درآمدی ڈیوٹی کے تعطل کے بعد بحیرہ اسود کے علاقے سے گندم کی خریداری میں اضافہ کردیا ہے۔دسمبر کے پہلے ہفتے میں 2,00,000 ٹن گندم کی خریداری کی گئی جس میں سے 50,000 ٹن گندم روسی علاقے سے خریدی گئی۔روسی حکام کے مطابق جولائی سے نصف دسمبر تک 18.3 ملین ٹن اجناس برآمد کی گئی جو 2015 ء کے اسی عرصے کی نسبت 1.8 فیصد کم ہے۔