پٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی کے خلاف درخواست ، عدالت کی ڈپٹی اٹارنی جنرل کو دلائل مکمل کرنے کی ہدایت

منگل 20 دسمبر 2016 15:12

لاہور۔20 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے پٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی کے خلاف درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل کو دلائل مکمل کرنے کی ہدایات کر دیں۔

(جاری ہے)

جسٹس عائشہ اے ملک نے تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے شیراز ذکا ایڈووکیٹ پیش ہو ئے اور موقف اختیار کیا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے۔

درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر اضافی سیلز ٹیکس وصول نہیں کیا جا سکتا لہذا پٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی کو کالعدم قرار دیا جائے۔ دوران سماعت حکومتی وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ متعلقہ ڈپٹی اٹارنی جنرل بیرون ملک ہیں جس پر عدالت نے 10جنوری تک ڈپٹی اٹارنی جنرل کو دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کی۔