ڈی جی ریسکیو رضوان نصیر کی تعیناتی کو کالعدم قرار دینے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس ، جواب طلب

منگل 20 دسمبر 2016 14:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 دسمبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے ڈی جی ریسکیو 1122ڈاکٹر رضوان نصیر کی تعیناتی کو کالعدم قرار دینے کی درخواست پر پنجاب حکومت اور ڈی جی ریسکیو کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے طارق مریدی کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار کی جانب سے ملک اویس خالد ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ اسے نظر انداز کر کے ڈاکٹر رضوان کومیرٹ کے برعکس تعینات کیا گیاہے ۔ ڈاکٹر رضوان نصیر کی تعیناتی کے لئے قانونی تقاضے پورے نہیں کئے گئے لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ڈی جی ریسکیو کی تعیناتی کالعدم قرار دی جائے اور فیصلے تک کام سے روکنے کا حکم دے۔ جس پر عدالت نے پنجاب حکومت اور ڈی جی ریسکیو کو 23جنوری کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔