بلڈ ٹیسٹ سے صحت مند شخص کے عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کا امکان معلوم کیا جا سکتا ہے،طبی ماہرین

منگل 20 دسمبر 2016 14:04

بلڈ ٹیسٹ سے صحت مند شخص کے عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کا امکان معلوم کیا ..
لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2016ء) برطانوی طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک سستے بلڈ ٹیسٹ سے یہ معلوم ہو سکتا ہے کہ ظاہری طور پر صحت مند شخص کو دل کا عارضہ ہونے کا کتنا امکان ہے۔ برطاوی نشریاتی ادارے کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ دل کے عارضے میں مبتلا ہونے کے امکانات کو معلوم کرانے کے لیے بلڈ پریشر اور کولیسٹرول چیک کرانے سے بہتر یہ بلڈ ٹیسٹ ہے۔

(جاری ہے)

برٹش ہارٹ فاؤنڈیشن کے تعاون سے کی جانے والی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ ٹروپونن نامی ٹیسٹ میں دل کے خراب عضلے سے پروٹین کے اخراج کو دیکھا جاتا ہے۔ ایڈنبرا اور گلاسگو یونیورسٹی کے محققین کا کہنا ہے کہ اس سے دل کا دورہ پڑنے سے قبل ہی نشاندہی ممکن ہے۔تحقیق میں پروفیسر نکولس ملز اور ان کی ٹیم نے معلوم کیا کہ جن افراد کے خون میں ٹروپونن کی مقدار زیادہ ہوتی ان کو دل کا عارضہ ہونے کے امکانات زیادہ ہیں۔ اس تحقیق کے لیے ان 3300 افراد کو شامل کیا گیا جن کا کولیسٹرول لیول زیادہ تھا لیکن دل کے عارضے میں مبتلا نہیں تھے۔