شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے گھوٹکی کیمپس کا افتتاح

پیر 19 دسمبر 2016 23:50

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2016ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے گھوٹکی کیمپس کا افتتاح ممبر قومی اسمبلی سردار علی محمد خان مہر اور وائیس چانسلر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق یہ کیمپس گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج گھوٹکی کے پرانے بلاک میں قائم کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی سردار علی محمد خان مہر تھے۔ اس موقع پرسردار علی محمد خان مہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 1995میں سیاست شروع کی ۔ میری سیاست کا منشور عوام کی خدمت اور دیہی علاقوں میں تعلیم کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان ہمیشہ اقتدار میں نہیں رہتا لیکن وہ عوام کے دلوں میں خدمت کے جذبے کے تحت حکمرانی کرسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ گھوٹکی کے عوام کی بلاتفریق خدمت کی ہے ،انہوں نے کہا کہ یہ دھرتی حضرت لعل شہباز قلندر ؒ ، حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی ؒ اور حضرت سچل سرمست کی دھرتی ہے۔ انہوں نے گھوٹکی میں کیمپس کے قیام پر وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کی کوششوں کو سراہا اور کیمپس کیلئے 300ایکڑ زمین دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ کیمپس کی خوبصورت عمارت کی تعمیر کیلئے بھرپور مالی مدد بھی کی جائے گی۔

اس موقع پر کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ، چیئرمین میونسپل کمیٹی گھوٹکی سید اصغر شاہ، پرنسپل گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج گھوٹکی پروفیسر ڈاکٹر عبدالقادر چاچڑ نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر لطف اللہ منگی پرووائیس چانسلر شکارپور کیمپس، پروفیسر ڈاکٹر نور احمد شیخ پرووائیس چانسلر مین کیمپس، مسعود بنگش ایس ایس پی گھوٹکی، پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک ، پروفیسر ڈاکٹر ممتاز حسین مہر، پروفیسر ڈاکٹر سید نور شاہ بخاری، پروفیسرڈاکٹر بدرالدین میمن، پروفیسرڈاکٹر سید اسد رضا عابدی، پروفیسر ڈاکٹر تاج محمد لاشاری، پروفیسر ڈاکٹر غلام علی ملاح، برکت اللہ قریشی، امداد علی سیال ، غلام مجتبیٰ عباسی، گھوٹکی کے معزز شہریوں ، صحافیوں، سول سوسائٹی کے ارکان و دیگر نے شرکت کی۔