بلاول بھٹو زرداری سے چین کی سنٹرل کمیٹی کے محکمہ بین الاقوامی امورکے نائب وزیر ینگ یائو سانگ کی ملاقات ، باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر گفتگو

چیئرمین پیپلزپارٹی کا چینی وفد کے اعزاز میں زرداری ہائوس میں عشائیہ

پیر 19 دسمبر 2016 23:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 دسمبر2016ء) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے چین کی سنٹرل کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے نائب وزیر ینگ یائو سانگ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر گفتگو کی۔ پیر کوپاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پیر کی شام اسلام آباد پہنچے اور زرداری ہائوس اسلام آباد میں انہوں نے چین کی سنٹرل کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے نائب وزیر ینگ یائو سانگ سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

چین کے نائب وزیر کے ساتھ چین کی کمیونسٹ پارٹی کے سینئر عہدیداروں کا ایک چھ رکنی وفد بھی تھا۔ چیئرمین بلاول بھٹو کی معاونت قومی اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر، پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن، پی پی پی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، سابق رکن قومی اسمبلی نور عالم خان، پی پی پی پنجاب کے جنرل سیکریٹری ندیم افضل چن اور پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے کی۔ دونوں لیڈروں نے باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر گفتگو کی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے چینی وفد کے اعزاز میں زرداری ہائوس میں عشائیہ دیا۔