پنجاب سپیڈ ‘‘کا اعزاز اب ’’شہباز سپیڈ‘‘ میں بدل گیا،پنجاب میں سی پیک کے منصوبوں کا اعلیٰ معیار اور رفتار دیکھ کر بے پناہ مسرت ہوئی ،صوبے میں منصوبوں کو مثالی رفتار سے آگے بڑھانے کا کریڈٹ بلاشبہ شہبازشریف کو جاتا ہے

نائب وزیر کمیونسٹ پارٹی چین کے رہنمازینگ شی سانگ کی وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے ملاقات میں گفتگو چینی قیادت کی جانب سے پاکستان میں سی پیک کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی رفتار،معیار اورشفافیت کی تعریف پوری پاکستانی قوم کیلئے اعزاز کی بات ہے، دونوں ملک ترقی اورخوشحالی کے سفر میں قدم سے قدم ملا کر چلتے رہیں گے ،وزیر اعلیٰ پنجاب

پیر 19 دسمبر 2016 22:34

پنجاب سپیڈ ‘‘کا اعزاز اب ’’شہباز سپیڈ‘‘ میں بدل گیا،پنجاب میں سی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 دسمبر2016ء) نائب وزیر کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ سنٹر ل کمیٹی انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ زینگ شی سانگ نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے کام کرنے کی رفتار اور غیرمعمولی صلاحیتوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ ’’پنجاب سپیڈ ‘‘کا اعزاز اب ’’شہباز سپیڈ‘‘ میں بدل گیا ہے۔

مجھے پنجاب میں سی پیک کے منصوبوں کا اعلیٰ معیار اور رفتار دیکھ کر بے پناہ مسرت ہوئی ہے اور صوبے میں منصوبوں کو مثالی رفتار سے آگے بڑھانے کا کریڈٹ بلاشبہ شہبازشریف کو جاتا ہے۔ وہ پیر کو وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی منصوبوں کو مکمل کرنے کی رفتار غیرمعمولی حد تک حیران کن ہے اوریہی وجہ ہے کہشہبازشریف کے کام کرنے کی رفتار اور انتھک محنت کا اعتراف چین کی قیادت اور اداروں کے سربراہ بھی کرتے ہیں اور میں بھی ان کی محنت، کام سے لگن اور غیرمعمولی صلاحیتوں کا معترف ہوںاورمیں سمجھتا ہوں کہ’’ پنجاب سپید‘‘ دراصل’’ شہبازسپیڈ‘‘ ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے جولائی2016ء میں چین کا دورہ کیا اورمیں ان کیساتھ ہر جگہ موجود رہااورمیںنے خود دیکھا کہ وہ بے پناہ محنت اورلگن کے ساتھ کام میں مگن رہتے اورمیںوزیراعلیٰ کے دورہ چین کے دوران ان کے کام سے بہت متاثر ہوا کیونکہ وہ صبح سے رات گئے تک چین کے حکام سے میٹنگز کرتے تھے اوررات گئے اگلے روزکی میٹنگز کی تیاریوں میں مصروف رہتے تھے۔

شہبازشریف کے ساتھ دورہ چین کے دوران گزارے گئے دن میرے لئے انتہائی خوشگوار لمحات ہیںجنہیں میں کبھی فراموش نہیں کرسکتاکیونکہ اکثر کام کی زیادتی کے باعث میں تھک جاتا تھا لیکن شہبازشریف ہمیشہ کی طرح ہشاش بشاش رہتے تھے ۔انہوںنے کہا کہ چینی قوم کی محنت کی مثال دنیا میں دی جاتی ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ شہبازشریف ہم سے بھی زیادہ محنتی اور انتھک ہیںاوروہ اپنی قوم کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

نائب چینی وزیر نے کہا کہ عوام کی خدمت کا جذبہ شہبازشریف کے اندر کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے۔عوامی خدمت میں مگن شہبازشریف نہ خود سوتے ہیں، نہ دوسروں کو سونے دیتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف صرف نام کے ہی نہیں بلکہ کام کے بھی ’’شہباز‘‘ ہیں اور ان کی قیادت میں پنجاب بہت جلد ترقی یافتہ صوبہ بنے گا۔انہوںنے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پاک چین تعلقات کو فروغ دینے اورسی پیک کے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اورچین کی قیادت شہبازشریف کے کام کرنے کی رفتار کی نہ صرف قدر کرتی ہے بلکہ اسے سراہتی بھی ہے۔

۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کی قیادت،حکومت اور اعلیٰ اداروں کے سربراہوںکی جانب سے پاکستان میں سی پیک کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی رفتار،معیار اورشفافیت کی تعریف پوری پاکستانی قوم کیلئے اعزاز کی بات ہے اورپاکستان اورچین ترقی اورخوشحالی کے سفر میں قدم سے قدم ملا کر چلتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ سی پیک کے منصوبوں پر عملدرآمد سے پاکستان میں تیزرفتار ترقی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے اوراس تاریخ ساز منصوبے کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہوچکے ہیں اوریہی وجہ ہے کہ کئی ممالک سی پیک میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں ۔پاکستان کے عوام چین کی قیادت اور حکومت کی محبت، خلوص اور ایثار پر شکرگزار ہیں۔