یونیورسٹی آف مالاکنڈ میں میتھس کی ریسرچ بارے ایک روزہ کانفرنس

پیر 19 دسمبر 2016 22:24

چکدرہ۔19دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2016ء)یونیورسٹی آف مالاکنڈ میں شعبہ میتھس کے چیئرمین پروفیسرڈاکٹر گل زمان کی زیرصدارت میتھس کی ریسرچ بارے ایک روزہ کانفرنس کاانعقادکیاگیا جس کے مہمان خصوصی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جوہرعلی تھے جبکہ ملک کے مختلف جامعات کے ماہر پروفیسرزاور سکالرزجن میںپنجاب یونیورسٹی کے ڈاکٹر عزیزاللہ اعوان، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی پشاور کے پروفیسرسراج الاسلام ،کامسٹ یونیورسٹی کے پروفیسرڈاکٹر عبداللہ شاہ اورمحمد شیرصابر قابل ذکرتھے نے کانفرنس میں شرکت کی ۔

اس موقع پرسکالرزاور ماہرین کاکہناتھاکہ مالاکنڈیونیورسٹی کاشعبہ میتھس تحقیق کے حوالے سے ملک بھر بالخصوص خیبرپختونخوامیں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے اور شعبہ میتھس میں سکالرزبننے والوں کو بہتر مواقع دینے کااہم ذریعہ بھی ہے جس سے استفادہ لیناوقت کی اہم ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرجوہر علی نے میتھس ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کوسراہتے ہوئے کہاکہ تحقیق کے حوالے سے میتھس ایک اہم شعبہ ہے اوراس کی بہتری اور ریسرچ کے فروغ کے لئے تمام تروسائل بروئے کارلائے جائیں گے جبکہ شعبہ میتھس کے چیئرمین پروفیسرڈاکٹر گل زمان نے کہاکہ شعبہ میتھس کی ترقی اورریسرچ کوجدید خطوط پر استوارکرنے کی غرض سے اگلے دوتین ماہ کے دوران میتھس کے بین الاقوامی کانفرنس کاانعقادکیاجائے گا جس میں دنیابھرکے مختلف جامعات کے معروف سکالرز اورریاضی دانوں کومدعوکیاجائے گا۔

یونیورسٹی کے طلبہ اور فیکلٹی ممبرزنے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔