منیجنگ ڈائریکٹراین ٹی ڈی سی نے سلور فلائی ویٹ باکسنگ چیمپئن محمد وسیم 6 لاکھ روپے کا چیک بطور ریوارڈ دیدیا

پیر 19 دسمبر 2016 21:39

لاہور۔19 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2016ء) منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) ڈاکٹر فیاض احمد چودھری نے کہا ہے کہ این ٹی ڈی سی اپنے باکسر محمد وسیم کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، وہ ورلڈ باکسنگ کونسل سلور فلائی ویٹ چیمپئن محمد وسیم کے اعزاز میں منعقد ہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ محمد وسیم نے گذشتہ ماہ اپنے ٹائٹل کا دفاع کرتے ہوئے جنوبی کوریا میں فلپائن کے باکسر کو شکست دی تھی۔

ڈاکٹر فیاض احمد چودھری نے کہا کہ محمد وسیم کی جیت نہ صرف این ٹی ڈی سی بلکہ ملک اور قوم کیلئے ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے محمد وسیم کو چھ لاکھ روپے کا چیک بطورریوارڈ پیش کیا۔ انہوں نے محمد وسیم کو یقین دلایا کہ این ٹی ڈی سی ایک عالمی معیار کا ٹریننگ سنٹر قائم کرے گی جس میں باکسنگ کے کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کی جائے گی جو این ٹی ڈی سی کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کریں گے اور این ٹی ڈی سی اور ممکنہ سپانسرز کی طرف سے مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عالمی چیمپئن محمد وسیم اور ان کے کوچ طارق نے این ٹی ڈی سی مینجمنٹ کی جانب سے عزت افزائی کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ لاس ویگاس (امریکہ) میں آئندہ باکسنگ مقابلوں میں شرکت کیلئے انہیں سخت محنت، تربیت اور مالی وسائل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کی خاطر کوریا کی شہریت کوبھی ٹھکرا دیاچکاہوں۔قبل ازیں جنرل منیجر جی ایس سی وجاہت سعید رانا نے محمد وسیم کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ محمد وسیم این ٹی ڈی سی میں گریڈ 18 کے آفیسر ہیں۔ انہوںنے کمپنی میں 2004ء میں شمولیت اختیار کی اور پروفیشنل باکسنگ شروع کرنے سے پہلے 2014ء تک قومی چیمپئن رہے۔ انہوں نے اپنی پانچ پروفیشنل فائٹس میں سائوتھ کوریا، انڈونیشیا اور فلپائن کے باکسرز کو ناکوں چنے چبوائے او رورلڈباکسنگ کونسل سلور فلائی ویٹ چیمپئنہونے کا اعزاز حاصل کیا۔