آل سندھ انٹر ڈسٹرکٹ بیڈمنٹن چیمپئن شپ کافائنل کراچی سینٹرل کی ٹیم نے جیت لیا

پیر 19 دسمبر 2016 21:39

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2016ء) لاڑکانہ میں آل سندھ انٹر ڈسٹرکٹ بیڈمنٹن چیمیئن شپ کے فائنل میچ میں کراچی سینٹرل کی ٹیم نے قمبر شہدادکوٹ کی ٹیم کو شکست دے کر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ سندھ اسپورٹس بورڈ کی جانب سے گذشتہ تین روز سے منعقدہ آل سندھ انٹر ڈسٹرکٹ بیڈمنٹن چیمپئن شپ کا فائنل شہر کے کھوڑو اسپورٹس گرائونڈ میں کراچی سینٹرل اور قمبر شہدادکوٹ کے ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں کراچی سینٹرل ٹیم نے قمبر شہدادکوٹ کو سنگل مقابلے میں 0-2 جبکہ ڈبل مقابلے میں بھی 0-2 سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی اور چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

فائنل میچ میں کراچی سینٹرل کے کھلاڑیوں رانا احسن، حفاست اور فراست سے بھرپور کھیل کا مظاہرہ کرکے کراچی کی ٹیم کو کامیابی دلوائی اسی طرح کراچی سینٹرل کی ٹیم فاتح، قمبر شہدادکوٹ کی ٹیم نے رنر اپ اور لاڑکانہ کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

فائنل مقابلے میں ظفر علی عباسی نے ریفری کے فرائض سرانجام دیئے جبکہ مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو امیر علی میرانی اور لاڑکانہ پریس کلب کے صدر ایس اقبال بابو نے فاتح، رنر اپ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، کیش پرائز اور میڈل تقسیم کئے۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو امیر علی میرانی نے کہا کہ لاڑکانہ کے کھلاڑی کسی بھی کھیل میں پیچھے نہیں اگر لاڑکانہ کے کھلاڑیوں کو کراچی کے کھلاڑیوں کی طرح سہولیات فراہم ہوں تو آج شاید لاڑکانہ کی ٹیم کامیابی سے ہم کنار ہوتی۔

متعلقہ عنوان :