حکومت نے قومی ایئر لائن ‘ ریلوے اور اسٹیل مل سمیت تمام قومی ادارے تباہ کر دئیے ہیں‘ حل یہاں تک پہنچ چکا کہ پی آئی اے کے طیارے کی روانگی سے قبل کالے بکرے کا صدقہ دینا پڑتا ہے

تحریک انصاف کے رہنما و رکن قومی اسمبلی اسد عمر کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت

پیر 19 دسمبر 2016 21:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 دسمبر2016ء) تحریک انصاف کے نائب صدر و رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت نے قومی ایئر لائن ‘ ریلوے اور اسٹیل مل سمیت تمام قومی ادارے تباہ کر دئیے ہیں‘ حل یہاں تک پہنچ چکا ہے کہ پی آئی اے کے طیارے کو روانہ کرنے سے قبل کالے بکرے کا صدقہ دینا پڑتا ہے ۔ وہ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تعلقات کے معاملے پر کمزوری کا مظاہرہ کر رہا ہے جبکہ مودی دھمکی پے دھمکی دے رہا ہے اور اب آبی جارحیت پر اتر آیا ہے جس پر پاکستان بیان دینے سے بھی قاصر ہے۔ ورلڈ بنک نے بھی معاملے پر ہاتھ کھڑے کر دئیے ہیں۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے جواب میں ہماری حکومت معذرت خواہانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہے ۔

(جاری ہے)

اسد عمر نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ پر عدالتی کمیشن کی رپورٹ میں جن کمزوریوں کی نشاندہی کی گئی وہ بالکل موجود ہیں۔ وزارت داخلہ کی طرف سے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے جتنے وسائل مانگے گئے تھے حکومت نے بجٹ میں اس کے آدھے پیسے بھی نہیں دئیے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے کچھ منصوبے ضرور شروع کئے لیکن وہ ناکافی ہیں۔ 2016 میں گیس اور بجلی کا شارٹ فال 2013ء کے مقابلے میں زیادہ تھا۔ …(رانا+ار)