بنگلہ دیش اور پاکستان کے دیرینہ باہمی تعلقات کا تقاضا ہے کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جس سے عوام کے جذبات مجروح ہوں

قومی تاریخ و ادبی ورثہ کیلئے وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی کی بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر سے گفتگو

پیر 19 دسمبر 2016 17:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2016ء) قومی تاریخ و ادبی ورثہ کے لئے وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے دیرینہ باہمی تعلقات کا تقاضا ہے کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جس سے عوام کے جذبات مجروح ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کے ممالک خصوصاً بنگلہ دیش سے قریبی دوستانہ اور اچھے تعلقات کا خواہشمند ہے کیونکہ دونوں ممالک مذہب، تاریخ اور ثقافت کے گہرے رشتوں میں بندھے ہیں۔

وہ پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر طارق احسن سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے آج مشیر وزیراعظم کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔ بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر طارق احسن نے وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی کو سارک کے زیر اہتمام ہونے والی کانفرنس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی جو 21 جنوری کو بوگرہ میں منعقد ہو رہی ہے۔