ملتان کے شہریوں کا انتظار ختم،لاہور،راولپنڈی/اسلام آبادکے بعد ساڑھے 28ارب روپے کی لاگت سے ملتان میٹرو بس پراجیکٹ بھی مکمل، وزیراعظم میاں نوازشریف 26دسمبرکوافتتاح کریں گے،ملکی ،غیرملکی ماہرین نے ملتان میٹروبس پراجیکٹ کو لاہور اور اسلام آباد سے زیادہ خوبصورت قراریا،عوامی سہولت کے اس منصوبے سے روزانہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد شہری مستفید ہوں گے،ذرائع،میٹروبس سروس کے افتتاح اور اسے شہریوں کیلئے کھولنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں،ترجمان میٹروبس پراجیکٹ اصغرخان کی آئی این پی سے گفتگو ،،،26دسمبر کو ملتان میٹروبس منصوبے کا افتتاح اوروزیراعظم کا دورہ ،ضلعی انتظامیہ کی ہنگامی تیاریاں ،میٹروٹریک اور سڑکوں کی صفائی،عملے کی چھٹیاں منسوخ

پیر 19 دسمبر 2016 17:46

ملتان کے شہریوں کا انتظار ختم،لاہور،راولپنڈی/اسلام آبادکے بعد ساڑھے ..

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 دسمبر2016ء) ملتان کے شہریوں کا انتظار ختم ہوگیا۔لاہور،راولپنڈی/اسلام آبادکے بعدساڑھے 28ارب روپے کی لاگت سے ملتان میٹرو بس پراجیکٹ بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف 26دسمبرکو ملتان میٹروبس پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے،جس کے بعدمیٹروبس سروس شہریوں کیلئے کھول دی جائے گی۔

ملتان میٹروبس پراجیکٹ کا روٹ ساڑھے 18کلومیٹرہے جس پر21میٹروبس اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔میٹروبس اسٹیشنزمیں جدید ترین برقی زینے، معذور افراد کیلئے لفٹس اورہنگامی ایمرجنسی گیٹس بھی لگائے گئے ہیں ۔ منصوبے کو خوبصورت بنانے کیلئے میٹروبس روٹ پررنگ برنگے آرٹ فوارے ،پھولوں کی کیاریاں ،سجاوٹی ٹرالیاں اور کھجوروں کے درخت بھی لگائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ملکی وغیرملکی ماہرین ملتان میٹروبس منصوبے کواسلام آباد اور لاہورمیٹروبس منصوبے سے زیادہ خوبصورت قراردے چکے ہیں۔عوامی سہولت کے اس منصوبے سے روزانہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد شہری مستفید ہوں گے ۔دوسری طرف ترجمان ملتان میٹروبس پراجیکٹ اصغرخان نے آئی این پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملتان میٹروبس پراجیکٹ کا کام تقریبا مکمل ہوچکا ہے ۔

میٹروبس سروس کیلئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹرکی بلڈنگ زیرتعمیر ہے ،اس کیلئے کنٹینرز میں عارضی دفاتر قائم کیے گئے ہیں،جہاں عملہ کام کررہا ہے۔میٹروبس کی آزمائشی سروس جاری ہے۔میٹروبس سروس کے افتتاح اور اسے شہریوں کیلئے کھولنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔دریں اثناء باخبر ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف 26دسمبرکو ملتان میٹروبس پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں صوبائی حکومت نے ملتان کی ضلعی انتظامیہ کو 26دسمبرکی تاریخ دی ہے۔وزیراعظم میاں نواز شریف اس موقع پرملتان کیلئے ایک اور بڑے ہسپتال کے اعلان سمیت اربوں روپے کے مزیدپراجیکٹس کا اعلان کریں گے۔دوسری طرف 26دسمبرکو وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے ملتان دورے اور ملتان میٹروبس منصوبے کے افتتاح کے پیش نظرملتان انتظامیہ نے تمام ضلعی محکموں کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔میٹروبس ٹریک،کیرج وے اوربس اسٹیشنز اور رابطہ سڑکوں کی بھرپور طریقے سے صفائی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔