میر واعظ عمر فاروق سے بھارتی سماجی کارکن اور اخبار کے چیف ایڈیٹر سنتوش بھارتیہ کی ملاقات

حریت رہنمائوںکی شہید نوجوانوں کے اہلخانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار

پیر 19 دسمبر 2016 17:06

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق سے بھارت کے سرکردہ دانشور اور سماجی کارکن کمل مرار کا اورمعروف اخبار ’’چوتھی دنیا‘‘ کے چیف ایڈیٹر سنتوش بھارتیہ نے سرینگر میں انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے معزز مہمانوں کو کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور گزشتہ کئی ماہ کے دوران پیش آئے سنگین حالات و واقعات ،بدترین ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں جان و مال کے زیاں سے انہیں آگاہ کیا ۔

انہوںنے کہاکہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے حکومتی سطح پر غلط تصویر بھارتی عوام کے سامنے پیش کی جارہی ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارت کی سول سوسائٹی کے اراکین ، دانشوروں اور ذمہ دار ذرائع ابلاغ کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر کی حقیقی صورتحال اور مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر سے بھارتی عوام کو آگاہ کریں اور ان پر زور دیں کہ وہ اس دیرینہ تنازعہ کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے بھارتی حکومت پر دبائو بڑھائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ بھارت کے ذرائع ابلاغ کے بعض حصے صرف حکومتی نقطہ نظر کو بڑھا چڑھا کر پیش کررہے ہیں جبکہ حقائق اس کے برعکس ہیں ۔انہوںنے کہاکہ کشمیر ایک دیرینہ مسئلہ ہے جس نے گزشتہ سات دہائیوں پورے خطے کے امن اور استحکام کو یرغمال بنا رکھا ہے ۔میرواعظ نے کہا کہ ہم کسی قوم یا ملک کیخلاف نہیں بلکہ ہم اپنے پیدائشی حق ، حق خودارادیت کے حصول اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اس موقعہ پر معزز مہمانان نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کی سنگینی کے پیش نظر کشمیری عوام کے جذبات اور احساسات کی قدر کی جانی چاہئے ، طاقت اور تشدد سے گریز کرتے ہوئے اس مسئلہ کو بامعنی مذاکرات کے ذریعہ حل کرنے کی کوشش کی جانی چاہئے ۔دریں اثنا حریت رہنما محمد مصدق عادل کی قیادت میں حریت فورم کا ایک وفد جس میں میر غلام حسن ،عبدالغفار اور شیخ مجید شامل تھے نادی ہل، کلاروس اور خمریال لولاب جاکر حال ہی میں عوامی احتجاجی تحریک کے دوران بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے نوجوانوں دانش منظور اور وسیم نذیر لون کے گھرگیا اور انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔

اس موقع پر میرواعظ نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ ٹیلیفون پرتعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ شہدا کی قربانیاں ہماری تحریک آزادی کا انمول سرمایہ ہے اور انکی ہر حال میں حفاظت کی جائیگی۔ حریت رہنما مختار احمد وازہ نے اسلام آباد اور پلوامہ کے کئی علاقوں جن میں دیوسر ، کولگام وغیرہ شامل ہیں جاکر حالیہ عوامی احتجاجی تحریک کے دوران شہید ہونیوالے نوجوانوں کے اہلخانہ سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔