ترقی کا راستہ روکنے والوں کو قوم نے مسترد کر دیا‘ شیخ آفتاب احمد

اتوار 18 دسمبر 2016 21:50

حضرو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ ترقی کا راستہ روکنے والوں کو قوم نے مسترد کر دیا ہے ، آنے والے دنوں میں ملک میں ترقی وخوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔2018ء میں بھی کارکردگی کی بنیاد پر حصہ لیکر کامیابی حاصل کرینگے، 22 دسمبر کو اٹک میں سردار احسن کی کامیابی یقینی ہے ضلع اٹک میں جو بھی ترقی ہوئی( ن) لیگ کے دور میں ہوئی زرعی یونیورسٹی کی منظوری کے بعد میڈیکل کالج کی بھی منظوری کروانا اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیگی رہنما شیخ اجمل محمود کے صاحبزادے شیخ قاسم انور کی بارات میں شرکت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈاکٹر محمد اشرف بٹ،طلال بٹ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لیگی حکومت نے ان پونے چار سالوں میں ملک کو کئی بحرانوں سے نکالا یہی وجہ ہے کہ آج ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی ہو چکی ہے، 2018تک ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ مکمل طور پر ختم کر کے ملک کو روشن پاکستان بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ این اے 57میں بجلی سوئی گیس کے منصوبوں پر کام جا ری ہے 2018میں تحصیل حضرو اور اٹک کا کوئی علاقہ سوئی گیس سے محروم نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اٹک میں مسلم لیگ (ن) کو ضلع کی چیئرمینی میں واضع اکثریت حاصل ہے سردار احسن خان بطور چیئرمین مسلم لیگ( ن) کی مضبوطی میں اپنا کردار بھر پور طریقے سے ادا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ ملکی مسائل حل کیے ملک بھر میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے اٹک میں زرعی یونیورسٹی کی منظوری پر خادم پنجاب کے مشکور ہیں۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ حکومت نے عوام سے جو بھی وعدے کیے ہیں انکو پورا کیا جا رہا ہے 2018کے الیکشن میں کارکردگی کی بنیاد پر حصہ لیکر مسلم لیگ( ن) بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی ۔