آرٹس کونسل کے تمام ممبران اورانتخابات 2017-18ء کے امیدوارمیرے لئے قابل احترام ہیں،چیئرمین آرٹس کونسل

اتوار 18 دسمبر 2016 21:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2016ء) کمشنر کراچی اور آرٹس کونسل کراچی کے چیئرمین اعجاز احمد خان نے کہا ہے کہ آرٹس کونسل کے تمام ممبران خاص طور پر انتخابات 2017ء اور2018ء میں حصہ لینے والے امیدوارمیرے لئے قابل احترام ہیںمیری کوشش ہے کہ انتخابات پُر امن ماحول میں شفاف انداز میں ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں سالانہ انتخابات2017-2018 کی پولنگ شروع ہونے سے قبل سالانہ جنرل باڈی اجلاس میں کیا ۔

جنرل باڈی میں کورم نا مکمل ہونے کے باعث اجلاس دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہو۔ اجلاس میں کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کے ہمراہ آرٹس کونسل آف کراچی کے صدر پروفیسر اعجاز فاروقی، سیکریٹری ڈاکٹر ہما میر، نائب صدر پروفیسر سحر انصاری اور خازن شہناز صدیقی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کی کاروائی تلاوت کلام پاک سے شروع ہوئی جس کے بعد نعت رسول مقبول پڑھی گئی جس کے بعد باقاعدہ اجلاس شروع کیا گیا۔

اجلاس میںسب سے پہلے سال گزشتہ کی سالانہ کارکردگی اور آڈٹ رپورٹ پیش کی گئی جس پر کچھ ممبران کی جانب سے سوال اٹھایا گیا کہ آرٹس کونسل کی طرف سے گورنر سندھ کو 5 کروڑ روپے دیئے گئے تھے ان کا کیا ہوا۔ اعتراض کے جواب میں کمشنر کراچی کا کہنا تھاکہ اس معاملے کو میں دیکھوں گا، مجھے ابھی چند ماہ آئے ہوئے ہیں اس بارے میں پوری تفصیلات کا مجھے علم نہیں ہے اس سلسلے میں پوری چھان بین کروں گا ۔

جنرل باڈی اجلاس کے بعد 1بجے دوپہر پولنگ کا آغاز ہوا چیئرمین الیکشن کمیشن محمد رفیق قریشی نے پولنگ شروع کرائی جو بغیر وقفے کے 8 گھنٹے جاری رہی انتخابات میں5963 ممبران ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ پولنگ شروع ہوتے ہی انتخابات میں حصہ لینے والے احمد شاہ، اعجاز فاروقی اور نجم الدین،تاجدار،امین پینل کے امیدوار ووٹرز کو ووٹ دینے کی درخواست کرتے رہے۔ آرٹس کونسل کی بلڈنگ اور درودیوار امیدواروں کے بینرز سے بھری ہوئی تھی۔ اس موقع پر ممبران کی بڑی تعداد رات گئے تک موجود تھی۔