فنڈز کی کمی، سوڈان میں عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے صحت مراکز بند ہونے کا خطرہ

اتوار 18 دسمبر 2016 21:00

خرطوم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 دسمبر2016ء) فنڈز کم ہونے کے باعث سوڈان کے شورش زدہ علاقوں میں عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے چلنے والے صحت مراکز بند ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں،جس کے نتیجے میں ایک ملین افراد تباہ کن وبائی بیماریوں کا سامنا کر سکتے ہیں۔ڈارفر،بلیو نیل اور جنوبی کورڈوفان میں11کلینک پہلے ہی بند ہوچکے ہیں،جہاں حکومتی فورسز اور سفید فام افریقی باغیوں کے درمیان کئی برسوں سے جاری لڑائی کے نتیجے میں ہزاروں افراد نقل مکانی کر گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سوڈان میں ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نعیم الغیسر نے اے ایف پی کو بتایا کہ فنڈز میں مزید کمی ہونے اور دنیا کی نظر میں شام جیسے دیگر تنازعات پر مرکوز ہونے کے پیش نظر ان علاقوں میں 49مزید صحت مراکز بند ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔غیسر نے کہا ہے کہ دور دراز علاقوں میں لوگوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے کلینکز کو سپورٹ کرنے کیلئے ہمارے پاس موجود فنڈز نہیں ہیں۔تقریباً 11کلینک پہلے ہی بند ہوچکے ہیں جبکہ49 دیگر بند ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔ہم لاکھوں افراد کی بات کر رہے ہیں جو کہ متاثر ہوسکتے ہیں۔